مکہ مکرمہ میں نظام حیدرآباد رباط میں حجاج کرام کو ہرممکن سہولتیں ، شاندار انتظامات

ناظم رباط حسین محمد الشریف کی خدمات کی ستائش ، ہر حاجی کے دل میں مقام بنالیا ، نظام حیدرآباد کے ارکان خاندان کیلئے حجاج کی دعاء
حیدرآباد ۔ 5 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) مکہ مکرمہ کی نظام حیدرآباد رباط میں نظام اسٹیٹ سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام کو ہر ممکن سہولتوں کے ساتھ قیام و طعام کے انتظامات کئے گئے۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف کی راست نگرانی میں تین عمارتوں میں جملہ 1285 عازمین کی رہائش کا انتظام کیا گیا اور یہ پہلا موقع ہے جب اس قدر بڑی تعداد میں حجاج کرام کے انتظامات کئے گئے۔ حسین محمد الشریف جو گزشتہ کئی برسوں سے حجاج کرام اور عمرہ پر آنے والے افراد کی خدمت میں مصروف ہیں۔ جاریہ سال حج کے موقع پر پھر ایک بار حجاج کرام کی خدمت کے ذریعہ ہر کسی کے دل میں مقام بنالیا ہے۔ انہوں نے جاریہ سال تین عمارتوں میں رہائش کا انتظام کیا اور ہر عمارت میں 426 عازمین کے قیام کی گنجائش تھی۔ حسین محمد الشریف نے حجاج کرام کی بہتر ختم کیلئے نئی عمارتیں حاصل کی ہیں جن میں اسٹار ہوٹلوں کی طرح تمام تر سہولتیں موجود ہیں۔ ان عمارتوں میں قیام کرنے والے حجاج کرام نے حسین محمد الشریف کے جذبہ خدمت کی ستائش کی اور انہیں دعاؤں سے نوازا۔ حجاج کرام نے نظام حیدرآباد اور ان کے ارکان خاندان کیلئے بھی دعائیں دیں جنہوں نے سعودی عرب میں رباط قائم کرتے ہوئے عازمین حج کی خدمت کا آغاز کیا ہے ۔ حسین محمد الشریف کی خواہش پر عازمین نے نواب میر برکت علی خاں المعروف مکرم جاہ بہادر کی صحت اور درازی عمر کیلئے خصوصی دعا کی۔ ناظر رباط نے نہ صرف مکہ مکرمہ میں قیام بلکہ پانچ روزہ ایام حج کے دوران بھی حجاج کرام کی بہتر ضرورت کا بیڑہ اٹھایا۔ قرعہ اندازی کے ذریعہ تلنگانہ ، مہاراشٹرا اور کرناٹک کے نظام اسٹیٹ سے تعلق رکھنے والے اضلاع کے عازمین حج کا انتخاب کیا گیا تھا ۔ حجاج کرام کیلئے ایر کنڈیشنڈ کمرے معہ اٹائچ باتھ روم ، واٹر ہیٹرس اور گرم اور ٹھنڈے پانی کی سہولت کے ساتھ موجود تھے ۔ ہر کمرے میں کارپیٹ فلورنگ کے علاوہ فریج ، آرام دہ بستر ، بیڈشیڈ ، بلانکٹ کے علاوہ کپڑے رکھنے کیلئے کب بورڈس کی سہولت دستیاب تھی۔ رباط میں قیام کرنے والے ہر حاجی کو 45 تا 50 ہزار روپئے کی بچت ہوئی ہے۔ ناظر رباط نے روزانہ ناشتہ اور عشائیہ کا مفت انتظام کیا ہے۔ حجاج کرام کی رہنمائی کیلئے استقبالیہ کاؤنٹر قائم کیا گیا جہاں عمرہ عازمین کیلئے آن لائین ریزرویشن کی سہولت حاصل ہے۔ عام طور پر ہندوستانی حجاج اپنی غذاؤں کے بارے میں فکرمند ہوتے ہیں، لہذا ناظر رباط حسین محمدالشریف نے ناشتہ اور عشائیہ میں حجاج کی مرضی کے مطابق ہندوستانی اور حیدرآبادی کھانوں کا انتظام کیا۔ حیدرآبادی چائے بھی سربراہ کی گئی۔ اس طرح حجاج کرام کو زیادہ تر وقت عبادتوں میں صرف کرنے کا موقع ملا۔ حجاج کرام کو صاف پینے کا پانی اور زم زم بھی فراہم کیا گیا۔ ہر فلور پر واٹر کولرس نصب کئے گئے ۔ حجاج کرام کی حرم روانگی اور واپسی کیلئے 24 گھنٹے بس سرویس کا انتظام کیا گیا۔ ہر عمارت میں کپڑوں کی دھلائی کیلئے لونڈری کی سہولت فراہم کی گئی۔ مردوں اور خواتین کیلئے علحدہ نماز گاہ کا انتظام کیا گیا ہے۔ ایام حج سے قبل مکہ مکرمہ کے تمام اہم مقامات کی زیارت کا انتظام کیا گیا۔ ناظر رباط نے حجاج کرام کیلئے ضروری طبی سہولتوں کا انتظام کیا ۔ رباط میں بیاگیج وہیل چیر کی سہولت ، 24 گھنٹے ہاؤز کیپنگ ، فری وائی فائی ، ہر عمارت میں دو لفٹ اور دیگر سہولتیں حاصل رہیں۔ منیٰ روانگی کے موقع پر حجاج کرام کو کھجور، میوہ جات جوس منرل واٹر ، اسنیکس اور بسکٹ پر مشتمل فوڈ پیاک حوالے کیا گیا تاکہ ایام حج کے دوران کام میں آئے۔ ناظر رباط کے مطابق تمام حجاج کرام حج کی تکمیل کے بعد بحفاظت رباط میں واپس آچکے ہیں۔ انہوں نے حج کی قبولیت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ حسین محمد الشریف نے شخصی طور پر حجاج کرام سے ملاقات کی اور انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کی۔