متنازعہ اعلامیہ حکومت کے لئے وقار کا مسئلہ نہیں : ہرش وردھن
نئی دہلی ۔ /4 جون (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج کہا ہے کہ مویشی ذبیحہ اعلامیہ پر مختلف گروپس کی تجاویز کیلئے وہ تیار ہے اور اسے وقار کا مسئلہ تصور نہیں کرتی ۔ وزیر ماحولیات ہرش وردھن نے کہا کہ اس اعلامیہ کی اجرائی کے پس پردہ کسی مخصوص گروپ کو نقصان پہنچانا ، غذائی عادتوں پر اثر اندا ہونے یا مسالخ کی تجارت کو متاثر کرنا مقصد نہیں ۔ اگر اس ضمن میں کوئی تجاویز پیش کی جاتی ہیں تو ان پر غور کیا جائے گا ۔ ہرش وردھن نے عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر منعقدہ تقریب میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کیلئے وقار کا مسئلہ نہیں ہے ۔ حکومت کے ذبیحہ کی غرض سے مویشیوں کی انیمل مارکٹ میں خرید و فروخت پر امتناع سے متعلق جاری کردہ اعلامیہ پر ملک بھر میں احتجاج شروع ہوگیا ۔ بیف کھانے اور مویشیوں کی تجارت کے بارے میں تنازعہ شدت اختیار کرتا جارہا ہے ۔ اور کئی ریاستوں بشمول ٹاملناڈو ، کیرالا اور کرناٹک میں احتجاج جاری ہے ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے اس امتناع کو غیرجمہوری و غیر دستوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت اسے قبول نہیں کرے گی ۔ مدراس ہائیکورٹ نے /30 مئی کو اعلامیہ پر عمل آوری چار ہفتوں کے لئے ملتوی کردی ۔ ہرش وردھن نے کہا کہ متعلقہ قانون کے تحت جو قواعد مقرر کئے جارہے ہیں ان کا مقصد غذائی عادات پر اثر انداز ہونا یا مسالخ کی تجارت کو متاثر کرنا نہیں ہے ۔