چینائی۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج یہاں ڈی ایم کے کے علیل سربراہ اور ٹاملناڈو کے سابق چیف منسٹر ایم کروناندھی سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی مزاج پرسی کی۔ واضح رہے کہ مئی 2014ء میں وزارتِ عظمیٰ پر مودی کے فائز ہونے کے بعد ان دونوں قائدین کی یہ پہلی ملاقات تھی جو 20 منٹ تک جاری رہی۔ ملاقات کے دوران مودی بھی 93 سالہ کروناندھی کی وہیل چیر کے بازو بیٹھے، ان کے ہاتھ تھامے رہے۔ بعدازاں ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’سابق چیف منسٹر تھرو ایم کروناندھی سے ملاقات کی اور ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا‘‘۔ وزیراعظم جو دو تقاریب میں شرکت کے لئے پہونچے تھے، کروناندھی سے ان کی گوپال پورم رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ کروناندھی کے بیٹے اور ڈی ایم کے کے کارگذار صدر ایم کے اِسٹالن نے اپنی رہائش گاہ کے باب الداخلہ پر مودی کا استقبال کیا اور انہیں سرخ شال پیش کی۔ اِسٹالن نے جو ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بھی ہیں، اپنے ٹوئٹر پوسٹ میں لکھا کہ دوران ملاقات مودی نے کروناندھی کی عاجلانہ اور مکمل صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ڈی ایم کے نے کہا کہ اس ملاقات میں کسی سیاسی موضوع پر بات چیت نہیں ہوئی ۔