مودی کیلئے پیام ،کبوتر کو تحویل میں لے لیا گیا

پنجاب کے سرحدی علاقے میں اُردو تحریر والے غبارے بھی دستیاب
پٹھان کوٹ۔ 2 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک کبوتر کو جو سمجھا جاتا ہے کہ سرحد کے اُس پار سے یہاں پہنچا ، تحویل میں لے لیا گیا۔ اس کے ساتھ ایک اُردو میں تحریر کردہ مکتوب بھی تھا جو وزیراعظم نریندر مودی کے نام تھا۔ بی ایس ایف عملہ نے بامیال سیکٹر پر سمبل چوکی کے قریب اس کبوتر کی نشاندہی کی ۔ یہ صورتحال ایسے وقت پیش آئی جبکہ دو دن قبل اسی علاقہ میں اسی طرح کے پیامات کے ساتھ دو غبارے دستیاب ہوئے تھے۔ پولیس نے کہا کہ کاغذ کے ایک ٹکڑے پر یہ پیام تحریر ہے ’’مودی جی! ہمیں وہ لوگ نہ سمجھیں جو 1971ء (ہند۔ پاک جنگ) میں تھے اب ہر ہر بچہ ہندوستان کے خلاف لڑائی کیلئے تیار ہے۔ سرمئی رنگ کا یہ کبوتر بی ایس ایف چوکی کے قریب دستیاب ہوا۔ انسپکٹر رمیش کمار نے بتایا کہ اس کبوتر کو مکتوب لے جاتے ہوئے پکڑا گیا ، ہم اس معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔ کل دو غبارے یہاں دستیاب ہوئے تھے جس میں مودی کے نام اُردو زبان میں پیام تھا۔ اس میں کہا گیا تھا کہ ’’مودی جی! اب ایوبی کی تلواریں ابھی ہمارے پاس ہیں ، اسلام زندہ باد‘‘ ۔ 23ستمبر کو ایک سفید کبوتر سرحد پار سے پنجاب کے ضلع ہوشیار پور پہنچا تھا جس کے ساتھ اُردو زبان میں تحریر کردہ پیام تھا۔