وزیراعظم ہند نے صدر منتخب ٹرمپ، روسی لیڈرپیوٹن کو پیچھے چھوڑ دیا
نیویارک ۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی ٹائم میگزین کے ’پرسن آف دی ایئر‘ برائے 2016ء کیلئے قارئین کے آن لائن پول میں سبقت حاصل کرچکے ہیں، جہاں امریکی صدر منتخب ڈونالڈ ٹرمپ، سبکدوش امریکی لیڈر براک اوباما اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن جیسے دعویدار بھی ہیں۔ لگاتار چوتھے سال مودی ٹائم کا پرسن آف دی ایئر اعزاز جیتنے کے دعویداروں میں شامل ہیں۔ امریکی اشاعتی ادارہ ہر سال یہ اعزاز اس شخص کو پیش کرتا ہے جو سب سے زیادہ شہہ سرخیوں میں رہا ہو اور گذشتہ ایک سال میں دنیا میں اس کا اچھے یا برے پہلو سے چرچا رہا ہو۔ گذشتہ سال کی نمایاں شخصیت جرمن چانسلر انجیلا مرکل تھیں۔ یوں تو ہر سال ٹائم میگزین کے ایڈیٹرس ہی قطعی فیصلہ کرتے ہیں کہ عالمی قائدین، صدور، احتجاجیوں، آسٹروناٹس اور دیگر شخصیتوں میں سے کسے سال کی نمایاں شخصیت کا اعزاز دیا جائے، لیکن یہ میگزین اپنے قارئین سے بھی دریافت کرتی ہیکہ ان کی پسند کیا ہے اور وہ اپنی پسند کا اپنے ووٹوں کے ذریعہ اظہار کرسکتے ہیں جس سے میگزین کو یہ طئے کرنے میں مدد ملے کہ اُس مخصوص سال کسے نمایاں شخصیت کا اعزاز پیش کیا جائے۔