لکھنؤ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس پی کی صدر مایاوتی نے الیکشن کمیشن کی منظوری کے بغیر قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کو اقتدار اور سرکاری مشنری کے غلط استعمال پر تنقید کی اور اُمید ظاہر کی کہ الیکشن کمیشن اس معاملے میں سخت کارروائی کرے گا۔ مایاوتی نے مودی کے چہارشنبہ کے قوم سے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے یہ ردعمل ظاہر کیا۔ مایاوتی نے اپنے ٹوئیٹ میں کہاکہ الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کے کل کے قوم سے خطاب کے مواد کی جانچ کے لئے ایک کمیٹی قائم کی ہے مگر اصل مسئلہ یہ ہے کہ مودی نے الیکشن کمیشن کی قبل ازوقت اجازت کے بغیر کیسے قوم سے خطاب کیا۔ یہ اقتدار اور سرکاری مشنری کا انتخابی فائدہ کے لئے اندھا دھند استعمال ہے۔ الیکشن کمیشن کو اس معاملے میں مثالی کارروائی کرنی چاہئے۔ ایک اور ٹوئیٹ میں اُنھوں نے کہاکہ سابقہ تجربہ سے ثابت ہوتا ہے کہ نظم و نسق کی طرح بی جے پی کے قائدین ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کے عادی ہیں۔