نئی دہلی: بی جے پی کے چار سال مکمل ہونے پر شاہی امام سید احمد بخاری نے وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال کیا کہ کیا ملک کا مسلمان ہندوستانی شہری ہے یا نہیں ؟اور اگر شہری ہے تو پھر اس کے ساتھ ظلم و زیادتی کی جارہی ہے اور سب کاساتھ سب کا وکاس کے قول پر عمل کیوں نہیں کیا جارہا ہے۔
انھوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم مودی جب مسلم ملکوں کے دورہ پر جاتے ہیں تو یہ تاثر دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ وہ مسلمانوں کے بہت بڑے دوست اور ہمدرد ہیں اور ہندوستان کا مسلمان بھی ان کو ایک دوست کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا ’’سب کا ساتھ سب کا وکاس ‘‘ کا نعرہ کھوکھلا ہے جس کی وجہ سے یہاں کا مسلما ن ان سے دور ہوتا چلا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حال ہی میں ہونے والے راجیہ سبھا کے الیکشن کے لئے ایک بھی مسلمان کو امید وار نہیں بنایا۔
امام بخاری نے کہا کہ وہ جماعت جو ہمیشہ مشترکہ پرکھو ں کی بات کرتی ہیں وہی مسلمانوں کو ایک الگ وحدت کے طو ر پر دیکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایک بات سمجھ لینی چاہئے کہ ملک کی ایک تقسیم کوئی چاہتا ہو تو چاہتا ہو لیکن ہندوستان کا مسلمان قطعا ایسا نہیں چاہتا۔انہوں نے کہا کہ اس ملک کا مسلمان بزدل نہیں ہے کہ اسے اس طرح خوف زدہ کیا جائے۔