مندر کی تعمیرشروع نہیں کرائی تو بی جے پی کا آخری سال

اکھاڑہ پریشد کے سربراہ مہنت نریندر گری کاانتباہ۔ پارٹی غلط فہمی میں نہ رہے ہندؤں نے ’ وکاس‘ کے نام پر ووٹ دیا تھا یا دیں گے‘ کمبھ میلہ سے قبل مندر تعمیر کی تاریخ کا اعلان نہ کرنے پر ناگا سادھوؤں کے اجودھیا مارچ کا الٹی میٹم بھی دیا ۔

لکھنو۔رام مند ر کی تعمیر سے متعلق وعدہ کرکے بری طرح پھنسی بی جے پی کو ایک بار پھر دھمکی دی گئی ہے کہ اگر اس نے مندر کی تعمیر شوع نہیں کرائی تو اقتدار میں اس کا یہ آخری سال ہوگا۔

ساتھ ہی اسے یہ الٹی میٹم بھی دیاگیاہے کہ اگر کمبھ میلہ کے آغاز سے قبل بی جے پی حکومت نے رام مندر کی تعمیر کے لئے تاریخوں کا اعلان نہیں کیاتو ناگا سادھو اجودھیا کوچ کریں گے۔

یہ دھمکی اکھل بھارتیہ اجھاڑہ پریشد کے چیف مہنت نریندر گری نے دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے لوگ اس غلط فہمی میں ہیں کہ اسے ہندؤں نے ترقی کے نام پر ووٹ دے کر اقتدار سونپا ہے او رآگے بھی اسے فتحیاب کراتے رہیں گے۔

حقیقت تو یہ ہے کہ صرف رام مندر کی تعمیر کے لئے اسے ووٹ ملے ہیں اور اگر اس نے اپنی حکومت کے رہتے ہوئے مندر کی تعمیر شروع نہیں کرائی تو اقتدار میں اس کا یہ آخری سال ہوگا۔

تاہم مہنت نے یہ بھی کہاکہ اگر بی جے پی مندر کی تعمیر کی راہ ہموار کرادیتی ہے تو وہ اگلے پچاس سال تک ملک پر راج کرے گی۔

مہنت نریندر گری نے یہ انتباہ بھی دیا ہے کہ اگر کمبھ میلہ کے آغاز سے قبل رام مندر کی تعمیر کے لئے تاریخوں کا اعلان نہیں ہوانا گا سادھو اجودھیا کوچ کریں گے۔

مہنت کے مطابق ان کے کوچ کاپروگرام 31جنوری او ریکم فبروی کو کمبھ میں وشواہند وپریشد کے ’ دھرم سنسد‘ میں طے ہوگا۔ نریندر گری کا کہنا ہے کہ رام مندر کی تعمیر بی جے پی کے انتخابی منشور کاحصہ رہا ہے او راب وہ مرکز او ریوپی دونوں جگہ اقتدار میں ہے۔