نینی تال : اتراکھنڈ ہائی کورٹ نے اپنے ایک اہم فیصلہ میں حکومت کو ریاست میں پھیلنے والی صنعتی آلودگی اورصوتی آلودگی پر روک لگا نے کا حکم دیا ہے ۔عدالت نے اجازت کے بغیر ریاست کے مذہبی اداروں میں لاؤڈ اسپیکر بجا نے پر بھی روک لگا دی ہے ۔کورٹ نے تیر تھ نگری ہری دوار میں ایک صنعتی یونٹ کی طرف سے پھیلا ئی جانے والی آلودگی کے معاملے کو بھی سنجیدگی سے لیتے ہوئے اس پر پانچ کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا ۔
جج راجیو شرما اور جسٹس لوک پال سنگھ کی بنچ نے عرضی گذار مہندر سنگھ کی آلودگی سے متعلق مفادعامہ کی عرضی کی سماعت کے بعد یہ حکم جاری کیا ہے ۔درخواست گذار نے کہا کہ ہری دوار میں ایک صنعتی یونٹ کی طرف سے صنعتی فضلہ کو کھلے میں پھینکا جارہا ہے ۔اس سے علاقہ میں آلودگی پھیل رہی ہے ۔ارد گرد کے رہائشی علاقوں میں پینے کا پانی آلودہ ہوتا جارہا ہے ۔
عدالت نے ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈ کو ریاست بھر کی تمام صنعتی یونٹوں کا جائزہ لینا کا حکم دیا ۔عدالت نے ریاست میں صوتی آلودگی کے سلسلہ میں اہم احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مندر ، مسجد او رگردواروں میں بغیر اجازت کے لاؤڈاسپیکر نہ بجائے جائیں ۔