ممتا بنرجی کادھرنا جاری، سی بی آئی نے کی سپریم کورٹ جانے تیاری

کولکتہ پولیس کمشنر راجیو کمار کی رہائش گاہ پر کل رات مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے حکام کے پہنچنے اور ان افسران کی گرفتاری سے ہوئے ڈرامائی واقعات کے بعد ریاست کی وزیر اعلی ممتا بنرجی اب بھی اپنے دھرنے پر بیٹھی ہوئی ہیں۔ اس دوران سی بی آئی نے آج سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ممتا بنرجی نے دھرنا کے مقام پر موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے آج کہا ’’میری تحریک جمہوریت اور ملک کو بچانے کے لئے ہے اور جب تک یہ معاملہ حل نہیں ہو جاتا اس وقت تک یہ تحریک جاری رہے گی‘‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ، ’’مجھے اس بات کا دکھ ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی صدر امت شاہ جس طرح ریاست کی حکومت کواپنے ہاتھوں میں لینے کی کوشش کر رہے ہیں وہ اپنے آپ میں غیر معمولی ہیں۔ چونکہ میں نے حال ہی میں یونائٹیڈ انڈیا ریلی کا انعقاد کیا تھا اسی وجہ سے مجھے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔آپ لوگوں نے وزیر اعظم کی تقریر کو دیکھا ہے کیا یہ زبان کسی وزیر اعظم کو زیب دیتی ہے۔انہوں نے دھمکی بھی دی تھی‘‘۔