ممبئی کی ہمہ منزلہ عمارت میں آتشزدگی، دیپکاپڈوکون کی رہائش محفوظ

ممبئی ۔ 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کی ایک ہمہ منزلہ عمارت میں آج مہیب آگ بھڑک اٹھی جس (عمارت) میں بالی ووڈ اداکارہ دیپیکاپڈکون کی رہائش اور دفتر بھی واقع ہے۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں اور دیپکاپڈوکون کے قریبی ذرائع کے مطابق پربھادیوی علاقہ کی 34 منزلہ بیومونڈے بلڈنگ میں آتشزدگی کے وقت اداکارہ موجود نہیں تھیں۔ بلڈنگ کی بالائی منزل پر آگ بھڑک اٹھی تھی۔ عمارت کی ایک منزل پر دیپکا کی رہائش اور دوسری منزل پر دفتر واقع ہے۔ یہ دونوں محفوظ ہیں۔ فائر بریگیڈ ذرائع نے کہا کہ دوپہر 2:08 بجے آگ بھڑک اٹھی تھی جس میں کسی کے زخمی ہونے کی تاحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ تقریباً 90 افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا تھا۔ آگ بجھانے کی مہم میں کم سے کم 10 فائر انجنس، دوخصوصی ویانس، پانچ واٹر ٹینکرس بھی استعمال کئے گئے۔ دیپکا پڈوکون نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ ’’میں حفاظت سے ہوںاور آپ سب کا شکریہ ادا کرتی ہوں، آتش فرو عملہ کیلئے دعا کیجئے‘‘۔