دفاتر جانے والے ملازمین بری طرح متاثر، ڈبہ والے بھی ٹفن نہیں پہونچاسکے
ممبئی 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے نیم مضافاتی علاقہ اندھیری میں آج صبح موسلا دھار بارش کے درمیان ایک روڈ اوور بریج منہدم ہوگیا جس کے نتیجہ میں ویسٹرن ریلوے کی مقامی ٹرین سرویس عملاً رُک گئی اور چند طویل مسافتی ٹرینوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی۔ بریہا ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے کہا ہے کہ اس واقعہ میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ جن میں دو شدید زخمی ہوئے ہیں۔ وزیر ریلوے پیوش گوئیل نے اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا اور تیزی کے ساتھ مرمت و درستگی کے ساتھ ریلوے ٹریفک کی بحالی کے کاموں کی ہدایت کی۔ ریلوے کے ایک عہدیدار نے کہاکہ 1931 ء میں تعمیر شدہ اس پل کے انہدام کے بعد ممبئی مجلس بلدیہ نے کہا کہ پل کی دیکھ بھال محکمہ ریلوے کی ذمہ داری تھی اور یہ پل آڈٹ کے ساتھ ماہ بعد منہدم ہوا ہے ۔ وزیر ریلوے نے ٹوئیٹ کیاکہ ’’اندھیری اسٹیشن کے قریب روڈ اوور بریج کا ایک حصہ منہدم ہوکر پٹریوں پر گر پڑا جس سے ریل ٹریفک متاثر ہوئی ہے۔ دیگر محکموں کے تعاون سے درستگی و مرمت کے تیز رفتار کاموں اور ریل ٹریفک کی جلد بحالی کے لئے عہدیداروں کو ہدایت کی گئی ہے۔ کمشنر ریل سیفٹی کے ذریعہ تحقیقات کا حکم دے چکا ہوں۔ دفاتر جانے والے افراد جن کے لئے لوکل ٹرینس خط حیات‘ سمجھی جاتی ہیں آج کے اس واقعہ سے بُری طرح متاثر ہوئے اور اپنے کام کے مقامات پر نہیں پہونچ سکے۔ ملازمین کو توشہ پہونچانے کے لئے ممبئی کے مشہور و معروف ’ڈبہ والا تنظیم‘ نے بھی ویسٹرن ریلوے سرویس روک دیئے جانے کے سبب آج اپنی خدمات کی انجام دہی سے معذوری کا اظہار کیا۔ مہاراشٹرا کے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس نے ممبئی پولیس کمشنر کو ٹریفک کی آمد و رفت کو آسان بنانے اور مسافرین کی سہولت کے لئے بی ایم سی کو بس خدمات میں اضافہ کی ہدایت کی۔ بی ایم سی ڈیزاسٹر مینجمنٹ سل کے ایک عہدیدار نے کہاکہ اندھیری ریلوے اسٹیشن کی مشرقی سمت کے قریب آج صبح 7.30 بجے گوکھلے روڈ اوور بریج منہدم ہوگیا۔