راج ٹھاکرے کی وارننگ ، ممبئی ریلوے انفراسٹرکچر کی پہلے درستگی کیلئے شدت سے اصرار
ممبئی ۔ /30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا نونرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے آج کہا کہ ممبئی میں اس وقت تک بھگدڑ مچتی رہے گی تاوقتیکہ اس شہر میں مہاجرین کی بہتات امڈتی رہے گی ۔ راج ٹھاکرے نے انفنسٹون ریلوے اسٹیشن پر گزشتہ روز کی بھگدڑ میں 22 افرادکی ہلاکت پر ردعمل کا اظہار کررہے تھے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ممبئی میں بلٹ ٹرین پراجکٹ کے لئے اس وقت تک ایک اینٹ رکھنے کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی جب تک مقامی ریلوے کے انفراسٹرکچر کو بہتر نہیں بنایا جاتا ۔ ایم این ایس کے شعلہ بیان لیڈر راج ٹھاکرے جو ماضی میں بھی بیرونی مہاجرین کے بارے میں تلخ ریمارکس کے سبب کئی تنازعات کے شکار رہ چکے ہیں ۔ دادر میں واقع اپنی رہائش گاہ ’کرشنا کنج ‘ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’دیگر علاقوں سے مہاجرین کی بھرمار کے سبب انفراسٹرکچر کی سہولتیں مفلوج و ناکارہ ہوچکی ہیں ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ سر جے جے کالج میں آرٹس کی تعلیم کیلئے وہ دو سال تک ممبئی کی مضافاتی ٹرینوں میں سفر کرچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ’’آپ جس کو ایسے سانحوں سے ابھر آنے ممبئی کے مشہور و معروف جذبہ اور روح سے تعبیر کرتے ہیں وہ درحقیقت اس قسم کے آفات اور المیوں کی شکل میں ناامیدی و مایوسی ہے ‘‘ ۔ راج ٹھاکرے نے وزیراعظم نریندر مودی کے پسندیدہ احمد آباد ۔ ممبئی بلٹ ٹرین پراجکٹ کی سخت مخالفت کی اور سوال کیا کہ کسی کو ایک لاکھ کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر کئے جانے والے بلٹ ٹرین پراجکٹ کی ضرورت ہے یا پھر اس شہر کے سارے ریلوے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ ٹھاکرے نے بکھرتی و سکڑتی ہوئی ریلوے خدمات پر خاموشی کے لئے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کیرت سومیا کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ۔ ایم این ایس کے سربراہ نے کہا کہ ’’جب کانگریس برسراقتدار تھی ۔ یہ شخص (کیرت سومیا) ریلوے پلیٹ فارمس کی اونچائی ناپنے کیلئے جایا کرتا تھا لیکن وہ اب کہاں ہے جب بی جے پی زیر قیادت اقتدار میں اسے سانحے رونما ہورہے ہیں ‘‘ ۔