ممبئی موسلا دھار بارش میں ڈوب گیا، روڈ، ریل اور فضائی خدمات درہم برہم

۔5 ہلاک ، وزیراعظم اور وزیرداخلہ کی چیف منسٹر سے فون پر بات چیت، بحریہ کے ہیلی کاپٹرس چوکس
ممبئی 29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی شہر آج تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے نتیجہ میں عملاً ڈوب گیااور 5 افراد ہلاک ہوگئے ۔ ریل، روڈ اور فضائی خدمات یکسر درہم برہم ہوگئیں۔ گھنے درخت جڑ سے اُکھڑ کر سڑکوں، گھروں اور کاروں پر گر پڑے اور کئی گھر دلدل اور پانی میں محصور ہوگئے جس کے نتیجہ میں کبھی نہ سونے والا عروس البلاد ممبئی اور اس کے کئی مضافاتی ٹاؤنس موسمی قہر کے آگے بے بسی کے ساتھ اپنے گھٹنے ٹیک دیئے۔ دوران تموج اُٹھنے والی لہروں نے ممبئی وائوں کی مصیبتوں میں مزید اضافہ کردیا کیونکہ ان بلند لہروں نے برساتی پانی کو قدرتی طور پر بحر عرب میں پہونچنے سے روک دیا۔ ممبئی کے اہم راستوں کو مربوط کرنے والی اہم سڑکوں پر ہزاروں موٹر گاڑیاں پھنس گئیں۔ بالخصوص نشیبی پریل، داور، کرلہ، اندھیری، کھارویٹ، گھاٹ کوپر، سیان اور ہند ماتا علاقوں میں کئی گھنٹوں تک کمر تک پانی جمع رہا اور اس میں ٹریفک پھنس چکی تھی۔ تمام تین نیم مضافاتی ریلوے لائنوں سنٹرل، نارتھ اور ہاربر سیکشنس پر متعدد ٹرینیں منسوخ کردی گئیں کیونکہ پٹریاں زیرآب آچکی تھیں۔ ٹرینوں میں سوار ہزاروں بے چین مسافرین کئی گھنٹوں کے انتظار کے باوجود بارش تھمنے کے کوئی آثار نظر نہ آنے پر کھڑی ہوئی ٹرینوں سے باہر کود پڑے اور پٹریوں سے متوازی راستے عبور کرتے ہوئے اپنی منزل کی طرف چل پڑے۔ پریل اور دیگر علاقوں میں سڑکوں پر گھنٹوں تک جمع پانی کے درمیان کئی مسافرین کو بسوں کے فٹ بورڈ پر کھڑے راستہ طے کرتے دیکھا گیا۔ بشمول مشرقی و مغربی ہائی ویز کئی اہم سڑکوں پر ٹریفک انتہائی سست رفتاری سے آگے بڑھتی دیکھی گئی۔

گوا سے آنے والی ٹریفک کو ممبئی میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار کردیا گیا۔انتہائی موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ ڈپٹی میونسپل کمشنر سدھیر نائیک نے کہاکہ شہر میں 85 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ قومی ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیم کو چوکس کردیا گیا ہے۔ شہری بلدی ادارہ کے ڈیساسٹر مینجمنٹ سل کے مطابق درخت گرنے کے کم سے کم 20 واقعات پیش آئے۔ ایک دیوار منہدم ہوگئی۔ لیکن تاحال کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ پولیس نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ مزید بارش اور بلند سمندری لہروں کے پیش نظر عوام گھروں میں ہی رہیں اور باہر نکلنے کی صورت میں راستوں کے بارے میں پیشگی معلومات حاصل کریں۔ چیف منسٹر فرنویس نے ریاستی ڈیساسٹر مینجمنٹ کنٹرول روم پہونچ کر صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ چھترپتی شیواجی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر آج صبح سے طیاروں کی آمد و رفت میں تاخیر اور بعض پروازوں کی منسوخی کے سبب افراتفری دیکھی گئی۔ ایرپورٹ کے حکام نے کہاکہ اِس ایرپورٹ پر شام 4 بجے کے بعد لینڈنگ روک دی گئی۔ 4 طیاروں کے رُخ موڑ دیئے گئے۔ ممبئی میں ٹرانسپورٹ کی شہ رگ سمجھی جانے والی مضافاتی خدمات آج مکمل طور پر درہم برہم رہے۔اسکولس کیلئے تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔ چیف منسٹر دیویندر فرنویس نے کہا کہ کل سرکاری دفاتر میں صرف اشد ضروری ارکان عملہ کام کریں گے۔

ممبئی بارش سے متاثرہ خاندانوں اور بچوں سے صدرجمہوریہ کا اظہار یکجہتی
نئی دہلی۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے آج کہا کہ حکومت اور سرکاری محکمے موسلادھار بارش سے جو ممبئی میں ہوئی، متاثرہ افراد کی مدد کے تمام ضروری اقدامات کررہے ہیں۔ وہ متاثرہ خاندانوں خاص طور پر بدترین متاثرہ علاقوں میں رہنے والے بچوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ عوام سمندر میں بلند قامت موجیں اُٹھنے سے بھی خوف زدہ ہیں اور کسی امکانی آفت سماوی کا انسداد چاہتے ہیں۔ آج ممبئی کے معمولات ِ زندگی موسلادھار بارش کی وجہ سے معطل ہوگئے۔ درخت جڑ سے اُکھڑ گئے اور مکانات زیر آب آگئے۔ ہزاروں خاندان خاص طور پر بچے مغربی ممبئی میں متاثر ہوئے ہیں۔ حکومت سرکاری محکمے اور رضاکارانہ تنظیمیں اور شہری ان کی مدد کررہے ہیں۔