اسکولی بچوں کی اطلاع ، ممبئی اور ساحل گجرات پر سخت ترین چوکسی
ممبئی 22 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی میں بحریہ کے ایک اڈہ کے قریب مسلح افراد دیکھے جانے کی اطلاعات کے بعد سحت چوکسی اختیار کرلی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ دو اسکولی بچوں نے ادعا کیا کہ انہوں نے اڑن بحری اڈہ کے قریب مشتبہ افراد کی نقل و حرکت دیکھی ہے ۔ اس کے بعد بحریہ کو انتہائی چوکس کردیا گیا ہے ۔ طلبا کا کہنا ہے کہ انہوں نے پانچ مشتبہ افراد کو سیاہ یونیفارم میں مکمل روپوش دیکھا ہے اور وہ بڑے ہتھیار و ایک بیاگ تھامے ہوئے تھے ۔ پولیس نے کہا کہ 2 اسکولی بچوں کا دعوی ہے کہ انہوں نے سیاہ کپڑوں میں ملبوس پانچ تا چھ افراد کو اسلحہ لیجاتے ہوئے بحری اڈہ کے قریب دیکھا ہے ۔ یہ طلبا اڑن میں یو ای ایس اسکول کے طالب علم ہیں اور پہلے انہوں نے پرنسپل کو اس کی اطلاع دی جس کے بعد پولیس کو مطلع کیا گیا ہے ۔ پولیس نے توثیق کی ہے کہ ایسی اطلاع ملی ہے اور نوی ممبئی کے اڑن علاقہ میں تلاشی مہم شروع کردی گئی ہے ۔ یہاں مشتبہ دکھائی دینے والے افراد کو تلاش کیا جا رہا ہے ۔ ڈی جی پی ستیش ماتھر نے کہا کہ دو طلبا نے مشتبہ افراد کو دیکھنے کا ادعا کیا تھا ۔ ایک نے صرف ایک کو اور دوسرے نے پانچ کو دیکھنے کا ادعا کیا تھا ۔ اطلاع کے بعد کئی ایجنسیاں اس کی تحقیقات کر رہی ہیں۔ کمشنر پولیس نوی ممبئی نے کہا کہ اسکولی بچوں سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے
جبکہ اے ٹی ایس کی جانب سے ان کے دعوی کی بھی جانچ ہو رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ریاست میں چوکسی کا حکم دیدیا گیا ہے ۔ ایک تو یہاں اسلحہ کا ڈپو قریب ہی ہے جبکہ دوسری وجہ یہ ہے کہ آئی این ایس ابھیمنیو بھی قریب میں ہی موجود ہے ۔ مہاراشٹرا وزیر مملکت برائے داخلہ دیپک کیسرکر نے کہاکہ مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کی اطلاع پر حکومت سنجیدہ ہے اور اِس قابل ہے کہ صیانتی صورتحال سے نمٹ سکے اور ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کرسکے۔ تاہم انھوں نے مزید تفصیلات کے انکشاف سے انکار کردیا۔ ڈی جی پی ستیش ماتھر نے کہاکہ 2 بچوں نے مشتبہ افراد کی اران علاقہ میں گشت کا دعویٰ کیا ہے جو اب بھی جاری ہے۔ نوی ممبئی کی ساحلی پولیس اور بحریہ رات بھر تلاشی کارروائی میں مصروف رہے۔ ایک این ایس جی پلاٹون اور 70 کمانڈرس نوی ممبئی میں تعینات کردیئے گئے ہیں۔ دریں اثناء احمدآباد سے موصولہ اطلاع کے بموجب ممبئی کے ساحلی علاقہ میں مشتبہ افراد کی گشت کی اطلاع پر سخت چوکسی کا اعلان کرنے کے بعد حکومت گجرات کے ایڈیشنل ڈی جی پی لاء اینڈ آرڈر تیرتھ راج نے کہاکہ ساحلی اضلاع کے پولیس سپرنٹنڈنٹس اور دیگر عہدیداروں کو ساحلی صیانت اور دہشت گرد سرگرمیوں سے نمٹنے کی ذمہ داری دی گئی ہے اور ریاست گجرات کے پورے ساحل پر سخت چوکسی اختیار کرلی گئی ہے۔