ممبئی اور پڑوسی اضلاع میں موسلادھار بارش ، ریلوے پٹریاں زیرآب

سڑکیں جھیل میں تبدیل ، سیلاب جیسی صورتحال ، مزید بارش کی پیش قیاسی
ممبئی۔ 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی اور اس کے پڑوسی علاقے موسلادھار بارش کے نتیجہ میں بری طرح متاثر ہوئے ہیں جہاں اکثر مقامات زیرآب ہوگئے ہیں اور دیگر چند مقامات پر ریلوے پٹریوں پر برساتی پانی جمع ہوگیا ہے۔ ممبئی ٹریفک پولیس کے مطابق گھاٹ کوپر کا ایک روڈ اور بریج احتیاطی طور پر بند کردیا گیا ہے ۔ سنٹرل ریلوے کے ایک عہدیدار نے کہا کہ گھاٹ کوپر پل سے کئی طویل مسافتی اور لوکل ٹرینس گذرتی ہیں چنانچہ گزشتہ ہفتہ اندھیری میں پل کے انہدام جیسے کسی حادثہ سے بچنے کیلئے احتیاطی طور پر اس پل سے آمدورفت بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ممبئی اور مضافاتی علاقوں میں کل رات سے موسلادھار بارش جاری ہیں جس کے نتیجہ میں کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے اور ریلوے پٹریاں زیرآب ہوگئی ہیں۔ یہ پل ’دھاراوی‘ مٹونگا اور کنگس سرکل جیسے علاقوں اور پڑوسی ضلع تھانے کے علاقوں دیوا، ڈوبیواسی، کلیان اور امبرناتھ میں بھی موسلادھار بارش کے سبب سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ ممبئی اور اس کے مضافات میں واقع 26 موسمیاتی اسٹیشنوں کے منجملہ 14 میں گزشتہ روز 100 ایم ایم سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے کہا کہ ممبئی کے علاقہ چمبور میں سب سے زیادہ 184.2 ملی میٹر اور گورے گاؤں میں 162.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے ممبئی کے علاوہ پڑوسی اضلاع تھانے، پال گھر اور رائے گڑھ میں مزید موسلادھار یا انتہائی موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ علاوہ ازیں ان علاقوں میں کل دوشنبہ کو بھی موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔

سماجی ذرائع ابلاغ کو افواہوں کی جانچ کرنے چیف منسٹر مہاراشٹرا کا مشورہ
ممبئی ۔8جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرڈنویس نے کہا کہ یہ انتہائی المناک بات ہے کہ پانچ افراد کی جانیں ضلع دھولے میں صرف افواہوں کی وجہ سے ضائع ہوئیں ۔ انہوں نے سماجی ذرائع ابلاغ سے اپیل کی کہ افواہوں کی جانچ کیلئے سخت ترین اقدامات کئے جائیں تاکہ افواہیں پھیل نہ سکیں اور عوام متاثر نہ ہوں ۔ دریں اثناء پولیس کے بموجب دھولے سے موصولہ اطلاع کے مطابق بنجارہ ناتھ گوساوی برادری جس کے پانچ ارکان کو بچوں کی چوری کے شبہ میں مہاراشٹرا کے ضلع دھولے میں زدوکوب کر کے ہلاک کیا گیا یہ پُرامن قبیلہ ہے جو کبھی پُرتشدد کارروائیاں نہیں کرتا ۔
نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب بچوں کے چرانے کا خوف بے بنیاد نہیں ہیں تاحال ملک گیر سطح پر 55ہزار بچوں کا اغوا ہوچکا ہے جن کا تاحال کوئی پتہ نہیں چل سکا ۔ 2017 – 18ء کی وزارت داخلہ کی رپورٹ کے بموجب 4,723 بچوں کا 2016 میں اغوا ہوا تھا لیکن فردجرم صرف 40.4 فیصد واقعات کے سلسلہ میں پیش کیا گیا ۔ تاحال 2017میں 41,893 واقعات جو 2015میںدرج کئے گئے تھے اور 37,854 ‘2014میں درج ہوئے تھے لیکن تفصیلی اعداد وشمار شائع نہیں ہوسکے۔