ملائشیا میں امریکہ سے سیبوں کی دو اقسام کی درآمد پر امتناع

بیرا ۔ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ملائشیا نے امریکہ سے دو اقسام کے سیبوں کی درآمد پر پابندی عائد کردی ہے کیونکہ یہ اندیشے پائے جاتے ہیں کہ ان سیبوں میں لیٹریوسس بیکٹریا پائے جاتے ہیں۔ ملائشیا کے وزیر زراعت اسمعیل صابری یعقوب نے آج ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام کی جانب سے وزارت کو ایک نوٹس جاری کی گئی ہے جس میں وضاحت کی گئی ہیکہ گالاسرخ سیب اور گرانی اسمتھ سبز سیب جو کیلیفورنیا میں پیدا ہوتے ہیں، ان کے بارے میں شبہ ہیکہ وہ مذکورہ بیکٹریا سے آلودہ ہیں۔ نیو اسٹریٹس ٹائمز نے آج یہ اطلاع دی جس کے مطابق متاثرہ سیبوں کی درآمد کو روک دیا جائے گا جبکہ وزارت صحت ان سیبوں کی دوبارہ جانچ پڑتال کرے گی جو فی الحال مارکٹ میں دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت ایسے حدود کی پابند نہیں ہے جس کے تحت ان سیبوں کو دوبارہ طلب کیا جائے جو مارکٹ میں پہلے سے ہی دستیاب ہیں کیونکہ غذائی معیار کی جانچ پڑتال پہلے ہی وزارت صحت کی ذمہ داری ہے جسے وہ بخوبی نبھارہی ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ اگر سیب متاثرہ ہوں تو ان کی جانچ پڑتال بھی وزارت صحت کی جانب سے کی جاچکی ہوگی کیونکہ ملائشیا کے ہر انٹری پوائنٹ پرکیلیفورنیا سے بدرت برادرس کے ذریعہ سربراہ کئے جانے والے سیبوں کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔ اس کے باوجود بھی کیلیفورنیا کے سیب سربراہ کرنے والے دو اہم امپورٹرس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے سیب واپس طلب کرلیں۔ وزارت صحت کے ڈائرکٹر جنرل واتوک ڈاکٹر نورحشام عبداللہ نے یہ بات بتائی۔