ممبئی : طلاق ثلاثہ بل میں کابینہ کا ذریعہ کی گئی ۳؍ تبدیلیوں کو ناکافی قرار دیتے ہوئے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری او رترجمان مولاناخالد سیف اللہ رحمانی نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس بل کو واپس لیں او رپھر سلیکٹ کمیٹی کے حوالہ کرے ۔اس سلسلہ میں جاری کی گئی پریس ریلیز میں مولانا نے کہا کہ طلاق ثلاثہ بل میں حکومت کی ترمیمات ناکافی او ربے فائد ہ ہیں ۔
مولانا نے کہا کہ کوئی بھی ایسا قانون ہمیں قابل قبول نہیں جس میں قانون شریعت میں مداخلت کی گئی ہو، شرعاً شوہر ۳؍ طلاق دیدے تو بہر حال طلاق واقع ہوجاتی ہے ، یہ اور بات ہے کہ اہل سنت الجماعت کے نزدیک تینوں طلاقیں پڑجاتیں ہیں جب کہ اہل تشیع کے نزدیک ایک ہی طلاق واقع ہوتی ہے ۔مولانا نے کہا کہ اس لئے قانون کے مخالف شریعت ہونے پر مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر کا اتفاق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات کس قدر غیر منطقی ہے کہ مجوزہ قانون کے مطابق ایک وقت میں تین طلاق دینے پر طلاق نہیں پڑتی لیکن ا س پر سزا متعین کردی گئی ہے ۔