میں تحفظات فراہمی کے وعدہ پر قائم ہوں۔ نیوز ایڈیٹر سیاست کو چندر شیکھر راؤ کا تیقن
حیدرآباد ۔/26 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کے وعدہ پر وہ قائم ہیں اور اس پر عمل آوری کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کررہے ہیں ۔ کے سی آر نے کہا کہ ہر شخص جانتا ہے کہ وہ کوئی وعدہ کرتے ہیں تو اسے بہرحال پورا کرتے ہیں ۔ نظام کالج گراؤنڈ پر دعوت افطار کے مدعوئین سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے واضح کیا کہ 12 فیصد مسلم تحفظات کو یقینی بنانے کیلئے حکومت نے سدھیر کمیشن آف انکوائری قائم کیا ہے ۔ کمیشن چند دنوں میں اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کردے گا ۔ کمیشن کی رپورٹ ملتے ہی اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرتے ہوئے 12 فیصد تحفظات کے حق میں قرارداد منظور کی جائے گی اور اسے مرکز کو روانہ کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے امید کا اظہار کیا کہ مرکزی حکومت سے 12 فیصد مسلم تحفظات کی منظوری حاصل کرنے میں حکومت کو کامیابی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم انشاء اللہ اس کوشش میں ضرور کامیاب ہوں گے اور تلنگانہ نہ صرف ملک بلکہ دنیا کے کیلئے مثالی ریاست بن جائے گی‘‘ ۔ واضح رہے کہ دعوت افطار میں چیف منسٹر کی آمد کے ساتھ ہی انہوں نے معززین سے ملاقات کی ۔ نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں سے ملاقات کے موقع پر چیف منسٹر نے کہا کہ وہ سیاست اور عامر علی خاں کو اچھی طرح جانتے ہیں ۔ جناب عامر علی خاں نے 12 فیصد مسلم تحفظات کے وعدہ کی تکمیل کے سلسلے میں چیف منسٹر کو یادداشت پیش کی جس پر انہوں نے کہا کہ وہ ضرور اس کا مطالعہ کریں گے ۔ بعد میں چیف منسٹر نے اپنے خطاب کے دوران 12 فیصد مسلم تحفظات پر عمل آوری کا بطور خاص تذکرہ کیا اور ان کی تقریر کا بیشتر حصہ تحفظات کے وعدہ کی تکمیل پر محیط رہا ۔ اس طرح روزنامہ سیاست کی جانب سے 12 فیصد تحفظات کے حق میں چلائے جارہی مہم کے مثبت اثرات چیف منسٹر کی دعوت افطار میں بھی دیکھنے کو ملے ۔ تقریب میں موجود کئی معززین نے اس اہم مسئلہ پر چیف منسٹر سے نمائندگی کیلئے جناب عامر علی خاں کو مبارکباد پیش کی ۔