دکھاوا اور جھوٹی شان و شوکت ختم کرنے پر شادیوں میں آسانیاں، شیعہ برادری کا دوبہ دو پروگرام، منیجنگ ایڈیٹر سیاست و مولانا علی مرتضیٰ کا خطاب
حیدرآباد۔26اگسٹ(سیاست نیوز) نبیﷺ اپنی بعثت کے متعلق خود ارشاد فرماتے ہیں کہ ’’میری بعثت اس لئے ہے کہ مکارم اخلاق کو تکمیل تک پہنچاؤں‘‘ اور نواسۂ رسول ﷺ حضرت امام حسین ؓ نے مدینہ منورہ سے روانگی کے سلسلہ میں کہا تھا کہ ’’ میرا مدینہ سے نکلنا صرف اس لئے یہ کہ میرے جد (حضرت محمدﷺ) کی امت کی اصلاح ہو‘‘۔ فی زمانہ ہونے والی شادیوں سے اس امت کے اقدار متاثر ہو رہے ہیں اور معاشرہ خرابیوں کا شکار بنتا جا رہاہے اسی لئے نکاح کو آسان کرتے ہوئے ان تقاریب میں پائی جانے والی خرافات کو دور کرنے کے لئے عملی پہل کی جانی چاہئے ۔ذاکر اہلبیت مولانا علی مرتضی نے شیعہ قوم کے لئے منعقدہ دوبدو پروگرام سے خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا ۔ جناب ظہیر الدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست کی زیر صدارت دیوڑھی حسینیہ نواب عنایت میں مولانا علی مرتضی نے کہا کہ موجودہ معاشرتی حالات میں وعظ کی صورت میں منبروں سے بہت کچھ کہا جا رہاہے لیکن ذرائع ابلاغ کے ذریعہ بھی اس کام کی انجام دہی بے حد ضروری ہے کیونکہ سیاسی و اقتصادی حالات اور معاشرے کی تنزلی کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدار کو زوال پذیر ہونے سے روکنا ضروری ہے۔
جناب ظہیر الدین علی خان نے کہا کہ قوم میں جناب زاہد علی خان جیسی شخصیتیں شادیوں میں اسراف کے خلاف مہم چلا رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں میں دکھاوا اور جھوٹی شان و شوکت کو ختم کرنے کیلئے شادیوں کو آسان بنانے کی ضرورت ہے ۔انھوں نے نے مساجد و عاشور خانوں میں نکاح کی تقاریب کے انعقاد کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے قوم کی ترقی کی راہ ہموار کرنے کے لئے زندگی کے مراحل کو آسان بنانے کے مقصد کے تحت والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے بلند پایا اخلاق کے ذریعہ اپنی نسل کی تربیت کریں۔جناب سید اشرف حسین (اشرف نواب) نے کہا کہ نوجوان نسل میں اخلاقی اقدار کے فروغ کے لئے ان کی بہتر تربیت ناگزیر ہے۔انہوں نے تعلیمی ترقی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرہ میں ڈاکٹرس ‘ انجینئرس اور عہدیداروں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے لیکن ان میں اخلاقی اقدار کے فروغ پر بھی توجہ مرکوز کئے جانے کی ضرورت ہے۔اشرف نواب نے کہا کہ مثالی ازدواجی زندگی کیلئے اولاد کی عملی تربیت والدین کرسکتے ہیں اور ان کی عملی تربیت کے نتیجہ میں ہی نو شادی شدہ جوڑے خوشگوار زندگی گذارسکتے ہیں۔جناب علی رضا صدر سیرۃ الزہرا کمیٹی نے اپنے خطاب کے دوران شرکاء اور پروگرام منعقد کرنے پرادارۂ سیاست کا شکریہ ادا کیا ۔شیعہ قوم کیلئے منعقدہ اس چھٹویں دوبدو پروگرام میں نہ صرف شہر حیدرآباد و سکندرآباد سے والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی بلکہ ریاست کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والوں نے بھی اس پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے اپنے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کے لئے جوڑے تلاش کئے ۔پروگرام کو آرڈینٹر مسٹر سید خالد محی الدین اسد کی نگرانی میں ادارۂ سیاست کے دیگر ذمہ داروں نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔پروگرام کے دوران لڑکے لڑکیوں کے سرپرستوں اور والدین نے روزنامہ سیاست کی اس کوشش کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ ٔ سیاست کی جانب سے انجام دیئے جانے والے یہ پروگرامس مسلمانوں کی ترقی کے ساتھ ان میں پھیل رہی برائیوں کو دور کرنے میں بھی معاون ہیں۔