مرکز کی جانب سے حج انتظامات کی تیاریاں

عازمین حج کو بہتر سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری : مختار عباس نقوی
ممبئی ۔ یکم؍ جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) مملکتی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ مرکزی حکومت اور حج کمیٹی آف انڈیا نے اس سال حج انتظامات کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے ۔ عازمین حج کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے اور سفرحج کو سہل بنانے کے لئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ مہاراشٹرا اسٹیٹ حج کمیٹی کے تزئین نو شدہ دفتر کا افتتاح کرتے ہوئے مختارعباس نقوی  نے کہا کہ عازمین حج کو بہترین سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور ان کی وزارت اس خصوص میں جنگی خطوط پر کام کر رہی ہے ۔ ہر ریاست کو ایک حج ہاوز تعمیر کرنا چاہئے ۔ اس کے لئے ان کی وزارت مدد کر نے کیلئے تیار ہے ۔ اس سلسلہ میں ہم ریاستوں کو مکتوب بھی لکھا ہے ۔ مرـکزی حکومت گذشتہ حج کی طرح اس مرتبہ بھی حج انتظامات کو پرسکون اور اطمینان بخش بنانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ پہلی مرتبہ وزارت اقلیتی امور نے مکہ معظمہ کو عہدیداروں کا ایک وفد روانہ کیا تھا تاکہ گذشتہ سال کے تیاریوں کا جائزہ لیا جاسکیں ۔ اس مرتبہ بھی سینئر عہدیداروں کا ایک وفد سعودی عرب جائے گا ۔ عازمین حج کے لئے انتظامات کا جائزہ لینے ہندوستان میں متعین سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر سعود محمد الساتی کے ساتھ ڈسمبر میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا اور امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گذشتہ سال حج کے دوران بھی سعودی عرب کے حکام نے اچھا تعان کیا تھا ۔ اس موقع پر ہمیں عازمین حج کی جانب سے کئی اہم تجاویز بھی وصول ہوئی تھیں ان تجاویز کو ذہن میں رکھ کر ہی اس سال انتظامات کو موثر بنایا جائیگا ۔ دو ماہ قبل ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں عازمین حج کے لئے رہائش اور ٹرانسپورٹ سہولتوں کے مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ وزارت شہری ہوابازی کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے عصری طیاروں کی دستیابی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے ۔ اس سال حج کے لئے درخواستیں 2 جنوری 24 جنوری تک قبول کی جائیں گی ۔ ملک بھی میں 21 مقامات سے حج کے لئے تقریبا 99903 عازمین سعودی عرب کے لئے روانہ ہوں گے۔ 36 ہزار عازمین خانگی ٹور آپریٹرس کے ذریعہ حج کی سعادت حاصل کریں گے ۔