اسلام آباد ۔29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے دفتر کے باہر بم دھماکے میں 26 افراد جاں بحق اور کم سے کم چالیس زخمی ہوگئے ہیں۔ ریسکیو 1122 کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مردان میں چارسدہ روڈ پر واقع نادرا کے دفتر کے باہر منگل کے روز بم دھماکے کے وقت بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے اور وہ قومی شناختی کارڈ کے حصول کے لیے درخواست دینے کی غرض سے قطاروں میں کھڑے تھے۔ بم دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے فوری طور پر متضاد اطلاعات سامنے آئی ہیں۔مردان ڈویڑن کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس سعید وزیر نے بتایا ہیکہ یہ ایک خودکش حملہ تھا اور بمبار نے نادر کے دفتر کے باہر خود کو دھماکے سے اڑایا ہے۔ انھوں نے مزید بتایا ہیکہ نادرا کے دفتر کے باہر تعینات ایک سکیورٹی گارڈ نے گیٹ پر خودکش بمبار کو روک لیا تھا جس کے بعد اس نے اپنی جیکٹ دھماکے سے اڑا دی ہے۔انھوں نے یہ بھی بتایا ہیکہ خودکش حملہ آور ایک موٹر سائیکل پر سوار تھا اور اس نے موٹر سائیکل کو گیٹ سے ٹکڑا کر دھماکہ کیا ہے۔