اندرون ایک ماہ تقررات کی تکمیل ، امتحانات اور انٹرویو کے جی او کی آج اجرائی
حیدرآباد۔28 ڈسمبر (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کیلئے آج تاریخی دن رہا کیونکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے 66 اردو آفیسرس کے تقررات کی فائل کو منظوری دے دی ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود جو ہمیشہ ہی عہدیداروں اور اسٹاف کی کمی کا شکار رہا ہے، پہلی مرتبہ اس محکمہ میں 66 عہدیداروں کے تقررات عمل میں آئیں گے اور سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کے مطابق اندرون ایک ماہ تقررات کا عمل مکمل کرلیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے تقررات کے سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود میں جو شرائط و قواعد مدون کیے انہیں من وعن منظوری دے دی اور اردو اکیڈیمی کے ذریعہ تقررات کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ عمر جلیل نے بتایا کہ اردو اکیڈیمی تقررات کے سلسلہ میں نوڈل ایجنسی کی طرح خدمات انجام دیگی۔ چیف منسٹر کے دفتر سے آج فائل سکریٹری اقلیتی بہبود کو حاصل ہوئی اور توقع ہے کہ کل 29 ڈسمبر کو باقاعدہ جی او جاری کرکے اردو اکیڈیمی کو تقررات کا عمل شروع کرنے کی اجازت دی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ جی او کی اجرائی کے بعد اردو اکیڈیمی تقررات کا اعلامیہ جاری کریگی اور اندرون ایک ماہ درخواستوں کی طلبی، امتحانات اور انٹرویو کا انعقاد، نتائج کا اعلان اور تقررات کیلئے منتخب امیدواروں کی فہرست جاری کردی جائیگی۔ چیف منسٹر نے 60 دن میں تقررات مکمل کرنے کا اسمبلی میں اعلان کیا تھا اور فائیل کی منظوری کیلئے ایک ماہ کا وقت گزر گیا۔ اب آئندہ ایک ماہ میں تقررات کے بعد تمام اہم دفاتر میں اردو آفیسرس کے عہدے قائم ہو جائیں گے اور اردو میں داخل کی جانے والی درخواستوں کا تلگو اور انگریزی میں ترجمہ کرنے کے اہل افراد دستیاب رہیں گے۔ سید عمر جلیل کے مطابق 66 جائیدادوں میں 6 جائیدادیں اسسٹنٹ ڈائرکٹر رتبہ کی ہونگی اور 60 جائیدادیں اردو آفیسرس کی ہوں گی۔ چیف منسٹر، چیف سکریٹری، ڈائرکٹر جنرل پولیس، اسپیکر اسمبلی، صدرنشین کونسل اور کمشنر پولیس دفاتر میں اسسٹنٹ ڈائرکٹر رتبہ کے عہدیداروں کو تعینات کیا جائے گا۔ جبکہ اردو آفیسرس کا تقرر 17 وزراء، 30 ضلع کلکٹرس، قانون ساز اسمبلی، قانون ساز کونسل اور دیگر اہم دفاتر میں کیا جائے گا۔ اسسٹنٹ ڈائرکٹر عہدے کیلئے پوسٹ گریجویشن تعلیمی قابلیت لازمی ہوگی اور گریجویشن تک تلگو بحیثیت مضمون ضروری ہوگا۔ اردو آفیسرس کے لیے تعلیمی قابلیت گریجویشن اور ایس ایس سی تک تلگو بحیثیت مضمون ہونا چاہئے۔ دونوں عہدوں کیلئے امیدواروں کے عمر کی حد 21 تا 44 سال مقرر کی گئی ہے۔ امیدواروں کو اردو سے تلگو یا انگریزی میں ترجمہ کی صلاحیت ہونی چاہئے۔ امتحانات کے سلسلہ میں 200 نشانات پر مشتمل پرچہ تیار کیا جائے گا جس میں 100 نشانات آبجیکٹیو ٹائپ اور 100 نشانات ٹرانسلیشن ہوں گے۔ اسسٹنٹ ڈائرکٹر عہدوں کیلئے اضافی انٹرویو کا اہتمام کیا جائے گا۔ تقررات میں مکمل شفافیت کے لیے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی عمر جلیل نے بتایا کہ اسسٹنٹ ڈائرکٹر کا پے اسکیل 39,700 تا 72,000 رہے گا اور ابتدائی یافت 55 تا 58 ہزار رہے گی۔ اردو آفیسرس کا پے اسکیل 28,900 تا 62,000 رہے گا اور ابتدائی یافت 47,000 روپئے تک حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات کیلئے ایک ہزار جنرل نالج کے سوالات پر مشتمل کوئسچن بینک تیار کرنے کی تجویز ہے۔ تقررات کا عمل اردو اکیڈیمی کے ذریعہ مکمل کیا جائیگا اور سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور ماہرین سے مشاورت کے بعد امتحانات کے طریقہ کار کو قطعیت دیں گے۔ اس کے علاوہ محکمہ اقلیتی بہبود کے اشتراک سے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو اسسٹنٹ ڈائرکٹرس کے عہدے کے امیدواروں کا انٹرویو لے گی۔ تلنگانہ اور متحدہ آندھرا کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب اس قدر بڑی تعداد میں اردو عہدیداروں کے باقاعدہ تقررات کیے جارہے ہیں۔ ان عہدیداروں کو دیگر سرکاری عہدیداروں کی طرح مکمل مراعات حاصل رہیں گی اور انہیں پرموشن بھی حاصل ہوگا۔