متھوٹ فینانس سے 40کیلو سونا لوٹ لیا گیا

بیرام گوڑہ برانچ آر سی پورم میں منصوبہ بند ڈکیتی، صارفین میں تشویش

حیدرآباد؍سنگاریڈی۔/28ڈسمبر، ( سیاست نیوز۔ پی ٹی آئی) شہر کے نواحی علاقہ میں 5 رکنی ٹولی نے خود کو سی بی آئی اور پولیس عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے ایک خانگی فینانس فرم کی برانچ کو نشانہ بنایا اور 40 کیلو سونا مالیتی 10کروڑ روپئے اور ایک لاکھ روپئے نقد لوٹ کر فرار ہوگئے۔ یہ واقعہ ضلع سنگاریڈی کے بیرم گوڑہ میں واقع متھوٹ فینانس کارپوریشن برانچ میں پیش آیا جو آر سی پورم پولیس اسٹیشن حدود میں واقع ہے۔ پولیس کمشنر سائبر آباد سندیپ شنڈالیہ نے مقام واقعہ کا دورہ کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ 5 افراد فور وھیلر پر متھوٹ فن کاپ کی برانچ پہنچے ان میں چار لوگ اندر داخل ہوگئے اور پانچواں باہر ہی کھڑا رہا۔ ان میں سے ایک نے اسٹاف سے ملاقات کرتے ہوئے خود کو سی بی آئی عہدیدار ظاہر کیا اور کہا کہ انہیں یہ اطلاع ملی ہے کہ بعض لوگ کالا دھن کو سفید بنانے کیلئے اس برانچ میں کافی سونا جمع کرائے ہیں۔ ان میں سے ایک نے خود کو ٹریفک پولیس عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ ایک چور بھی ہے جس نے یہ اطلاع دی ہے اور اس چور نے سرقہ کیا گیا سونا اسی برانچ میں جمع کرایا ہے۔ انہوں نے اسٹاف سے تمام بے قاعدگیوں کی تحقیقات میں مدد کی خواہش کی اور کہا کہ نوٹ بندی کے بعد کالا دھن کو سونے میں تبدیل کیا جارہا ہے چنانچہ تحقیقات کیلئے انہیں دفتر کے ریکارڈس اور لاکرس کی بھی جانچ کرنی ہوگی۔ اس کے بعد ریکارڈس چیک کرنے کے نام پر انہوں نے اسٹاف کے ذریعہ لاکرس کھلوائے۔ جب اسٹاف کو کچھ شبہ ہوا اسوقت ٹولی کے ارکان نے مبینہ طور پر بندوق کی نوک پر انہیں دھمکی دی اور سونے کے زیورات لے کر فرار ہوگئے۔ شنڈالیہ نے بتایا کہ اس معاملہ کی جانچ کی جارہی ہے اور خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ایک اور پولیس عہدیدار نے بتایا کہ فرار ہونے سے قبل ڈاکوؤں نے سی سی ٹی وی کیمروں کو تباہ کردیا اور سی سی ٹی وی ریکارڈس کے علاوہ ہارڈڈسک بھی لیکر چلے گئے۔ پولیس متصلہ علاقوں میں پائے جانے والے سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ ڈاکوؤں کا پتہ چلانے کی کوشش کررہی ہے۔ صارفین کو جیسے ہی اس واقعہ کی اطلاع ملی کثیر تعداد میں وہ برانچ کے باہر جمع ہوگئے اور اپنا سونا واپس دینے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ اسی علاقہ میں تقریباً تین سال قبل اسی فرم کی ایک یونٹ میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا تھا۔ اس واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس فوری چوکس ہوگئی اورمشتبہ ڈاکوؤں کے خاکے جاری کرتے ہوئے دونوں کمشنریٹ سائبرآباد اور رچہ کنڈہ کے علاوہ سرحدی اضلاع کی پولیس کو بھی چوکس کردیا۔ تاہم رات دیر گئے تک بھی پولیس کو کوئی ٹھوس ثبوت دستیاب نہیں ہوسکا۔ پولیس کی خصوصی ٹیمیں ہر زاویہ سے کیس کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔