لگاتار تیسرے سال اچھی بارش ، زراعت اور آبی ذخائر کیلئے درکار پانی کی دستیابی ممکن
نئی دہلی۔30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی محکمہ موسمیات نے آج کہا کہ 2018ء کے جنوب مغربی مانسون کے دوران ہندوستان بھر میں معمول کے مطابق بارش متوقع ہے۔ بالخصوص شمال مغربی میں اوسطاً 100 فیصد بارش ہوگی۔ یہ لگاتار تیسرا سال ہے جس میں معمول کے مطابق بارش ہوگی اور معمول سے کم بارش کے امکانات انتہائی کم ہیں۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ ملک میں مانسون کے دوران مجموعی طور پر طویل مدتی اوسطاً 97 فیصد تک بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے کی جانے والی یہ دوسرے مرحلے کی طویل میقاتی پیش قیاسی ہے۔ علاقہ واری اساس پر شمال مغربی ہند میں طویل مدتی اوسط کی 100 فیصد بارش ہوگی۔ وسطی ہند میں 99 فیصد، جنوبی جذیرہ نما میں 95 فیصد طویل مدتی اوسطاً اور شمال مشرقی میں 93 فیصد بارش ہوگی۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ جولائی کے دوران ملک بھر میں معمول کے مطابق بارش ہوگی لیکن اگست میں معمول سے کم رہے گی۔ جنوب منغربی مانسون منگل کو کیرالا اور ٹاملناڈو کے بعض حصوں سے ٹکرایا جس کے ساتھ ہی ملک میں موسم بارش کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔ ہندوستان اگرچہ زرعی ملک ہے لیکن یہاں 50 فیصد کاشت، آبپاشی کی سہولتیں نہ ہونے کے سبب ہر سال جون اور ستمبر میں ہونے والی بارش پر انحصار کرتی ہے۔ اس مدت میں ہمہ اقسام کی فصلیں اگائی جاتی ہیں۔ ایک بہتر مانسون اس ملک کے زرعی شعبہ کے لیے یقینا خوشخبری ہے۔