’ راکشوں کا راجہ راwون بھی یگنہ کیا کرتا تھا ‘ : لکشمن کا جوابی وار
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : تلنگانہ میں جہاں 11 اپریل کو ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لیے جاری مہم آئندہ چند دنوں میں ختم ہوجائے گی ۔ اس سے قبل حکمراں ٹی آر ایس اور اپوزیشن بی جے پی کے درمیان تنقیدوں اور الزامات کے تبادلے میں شدت پیدا ہوگئی ہے ۔ بی جے پی کے ریاستی صدر کے لکشمن نے ٹی آر ایس کے صدر اور چیف منسٹر کو ان کی عدم تکمیل شدہ وعدوں کو یاد دلایا اور کہا کہ کے سی آر نے کسی دلت کو چیف منسٹر بنانے اور خود کو ریاستی سیاست تک محدود رکھنے کا وعدہ کیا تھا لیکن اس کی تکمیل نہیں کی گئی ۔ ٹی آر ایس کے کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ نے زعفرانی جماعت پر صرف انتخابات کے دوران ہی ہندوتوا کو یاد کرنے کا الزام عائد کیا ۔ لکشمن نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’ آپ ( چندر شیکھر راؤ ) نے کہا تھا کہ ( آپ ) ایک دلت کو چیف منسٹر بنائیں گے ۔ یہ نہیں ہوسکا ۔ آپ نے کہا تھا کہ ہر گھر کو پانی آئے گا ۔ لیکن یہ بھی نہیں آیا ۔ آپ نے کہا تھا کہ آپ کہیں نہیں جائیں گے صرف تلنگانہ پر توجہ مرکوز کرتے رہیں گے لیکن اب عوام سے پوچھ رہے ہیں کہ آیا مجھے قومی سیاست میں جانا چاہئے ؟ ‘ کے ٹی راما راؤ نے حیدرآباد میں ایک روڈ شو کے دوران خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کو صرف انتخابات کے دوران ہی ہندوتوا کی یاد آتی ہے ۔ این ڈی اے حکومت نے تلنگانہ کے لیے کچھ بھی اچھا نہیں کیا ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان جاری لفظی جنگ کے درمیان ٹی آر ایس کے صدر کے سی آر نے اس بات پر سخت مذمت کی کہ بی جے پی ( انتخابی مہم کے دوران ) مذہبی مسائل اٹھا رہے ہیں ۔ کے سی آر نے کہا کہ مذہبی مسائل کو سیاسی قائدین کی طرف سے نہیں بلکہ مذہبی قائدین کی طرف سے حل کیا جانا چاہئے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ وہ بھی ایک ہندو ہیں اور کئی یگنہ ( خصوصی پوجا ) کا اہتمام کرچکے ہیں ۔ ان ریمارکس پر جوابی وار کرتے ہوئے لکشمن نے کہا کہ ’ راکشوں کے راجہ راون نے بھی کئی یگنہ پوجاؤں کا اہتمام کیا تھا ‘ ۔۔