لینڈنگ کے بعد جزیرہ ائر ویز کی پرواز میں آگ ‘ مسافرین محفوظ

حیدرآباد 2 اگسٹ ( سیاست نیوز ) 145 مسافرین کے ساتھ یہاں پہونچی جزیرہ ایرویز کی ایک پرواز میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں شمس آباد ائرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد آگ لگ گئی ۔ ائرلائینس نے اس واقعہ کو طیارہ کے پچھلے حصے کے پائپ میں آگ کا معمولی واقعہ قرار دیا اور کہا کہ اس پر فوری قابو پالیا گیا اور مسافرین محفوظ ہیں۔ جزیرہ ائرویز انڈیا کے ترجمان نے بتایا کہ سکیوریٹی کے تمام امور کا خیال رکھا گیا تھا اور تمام مسافرین بحفاظت طیارے سے نکل آئے ہیں۔ ائرپورٹ ذرائع نے کہا کہ ائر ٹریفک کنٹرول اور گراونڈ اسٹاف کے کچھ ارکان نے بھی اس معمولی آگ کو دیکھا تھا اور پائلٹ کو اطلاع دی گئی جس نے فوری دونوں انجن بند کردئے ۔ طیارہ کویت سے حیدرآباد پہونچا تھا ۔