روز نامہ ’سیاست‘ اور فریڈم آئیل کی پکوان کلاسیس میں ہزاروںطالبات و خواتین کی شرکت، ماسٹر شیف پونیت مہتا کی ڈشیس تیار کرنے کی ترکیبیں نوٹ کرلیں
حیدرآباد۔/25 جولائی، ( سیاست نیوز)ماسٹر شیف پونیت مہتا نے آج ’سیاست‘ اور فریڈم ریفائنڈ سن فلاور آئیل کے تعاون و اشتراک سے ریگل کنونشن روبرو مغل انجینئرنگ کالج ، بندلہ گوڑہ میں منعقدہ کلاس سے نوجوان لڑکوںاور لڑکیوں سے کہا کہ ان کیلئے تعلیم حاصل کرنے کے بعد اپنے ہاتھ میں فن کو رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ پکوان کی طرف اپنے ذہنوں کو آمادہ و تیار کرلیں، اس شعبہ میں انہیں عزت ملک ہی نہیں بلکہ بیرونی ممالک میں بھی ملے گی۔ آج حیدرآبادی پکوان کے ساتھ ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں بنائے جانے والے ڈشس کی دھوم ہے اور خود بیرونی ممالک کے باشندے بڑے ذوق و شوق کے ساتھ ہندوستانی کھانوں کو پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے اس کلاس میں پھر ایک بار اس بات کا اعادہ کیا کہ پکوان میں ماہر لڑکیاں شوہر اور خاندان کے دل جیتنے والی ہوتی ہیں اس لئے تعلیم کے ساتھ انہیں پکوان کی طرف اپنی توجہ مبذول کروانا چاہیئے۔ اس کلاس کی خاص خوبی یہ دیکھی جاتی ہے کہ ماسٹر شیف جب پکوان کی تربیت انہیں دیتے ہیں تو اچانک ان خواتین و لڑکیوں کے پاس پہنچ جاتے ہیں اور نت نئے سوال کرتے ہوئے انہیں اس بات پر آمادہ و تیار کیا جاتا ہے کہ وہ ضرور پکوان کی رغبت اپنے میں پیدا کریں ، اس کلاس میں ماسٹر شیف نے ایک ایسی لڑکی سے سوال کیا جو صرف تعلیم حاصل کررہی ہے مگر انہوں نے کبھی پکوان نہیں کیا تو شیف نے اس موقع پر انہیں ڈھارس بندھائی کہ عورت کا صرف تعلیم حاصل کرلینا ہی سب کچھ نہیں اس کے ساتھ ہنر کا بھی پیدا کرنا ضروری ہے، اس پر اس لڑکی نے اُن سے وعدہ کیا کہ وہ ضرور مستقبل میں ہونے والی ’سیاست‘ کے زیر اہتمام ان پکوان کلاسیس میں شرکت کرتے ہوئے اپنے آپ میں بہت جلد پکوان کے نئے نئے گُر سیکھ لیں گی۔ اس پر خواتین نے تالیوں سے اس کا خیرمقدم کیا۔ ماسٹر شیف نے کہا کہ جب کوئی سبزی سوکھ جاتی ہے تو عموماً دیکھا جاتا ہے کہ اسے پھینک دیا جاتا ہے لیکن اس سالن کو ایک نیا روپ دینے سے مزیدار ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈشس کی تیاری کے بعد اس ڈش کو خوشنما بناکر دستر خوان پر رکھنے سے کھانے والوں میں رغبت پیدا ہوتی ہے اس لئے ماسٹر شیف نے جتنی ڈشیس تیار کیں اس کے بعد اُن ڈشس پر بڑے انوکھے انداز میں رنگ برنگ کی خوشنمائی پیدا کی جس سے خواتین و لڑکیاں محظوظ ہورہی تھیں۔ اس کلاس میں خواتین و لڑکیوں کی بڑی تعداد دیکھی گئی جو شیف کے بتائے گئے گُر کو نوٹ کررہی تھیں۔ ماسٹر شیف کے بتائے ہوئے مختلف پکوان کے طریقوں کو آسانی کے ساتھ دیکھنے کیلئے شادی خانہ میں جدید تکنیک LED استعمال کیا گیا اور ساتھ ہی شہر کے ممتاز مزاح نگار کے بی جانی جنہوں نے لافٹر چیلنج میں اپنے شاہکار آئیٹمس کے ذریعہ ناظرین کا دل موہ لیا تھا آج پکوان کی اس کلاس میں مزاح نگار شبن خان کے ہمراہ خصوصی مزاحیہ خاکے پیش کرتے ہوئے محفل کو لالہ زار بنادیا۔ آج کی اس پکوان کلاس میں مختلف انواع و اقسام کے ڈشیس کی تیاری اور ان میں مختلف مصالحہ جات کا استعمال اور دیگر اُمور کو تفصیل سے بتایا ۔ جن ڈشیس میں لیمپن کن سوپ، بٹر چکن، روسہ چکن رول، باسی سی روٹی کی میٹھی پوری، پنیر گھروں میں کیسے تیار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے دوران پکوان خواتین میں سے پیاز کس طرح کاٹی جاتی ہے بلوایا جس کی رہبری کی اور ان خواتین میں سارہ بیگم نے بڑے اچھے انداز سے پیاز کی کٹوائی کی تو فریڈم آئیل کی جانب سے آئیل کیان انہیں تحفہ میں دیا گیا اور کہا کہ جب پیاز کاٹتے وقت ناخنوں کو اندر رکھنا چاہیئے تاکہ انگلی کٹنے سے محفوظ رہ سکے۔(سلسلہ صفحہ 6 پر )