قریبی مارکٹ میں عوام پر چاقوؤں سے حملہ ، 7 ہلاک ، 48 زخمی ، دہشت گرد کارروائی ، تھریسامے ‘ حملہ آوروں کو پولیس نے گولی ماردی
لندن ۔ /4 جون (سیاست ڈاٹ کام) وسطی لندن میں آج دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا جہاں تین چاقو سے مسلح حملہ آواروں نے جو نقلی خودکش جیاکٹس پہنے ہوئے تھے ، تیز رفتار ویان لندن برج پر پیدل چلنے والوں پر گھسادی اور قریبی مارکٹ میں لوگوں پر چاقو سے حملہ کرنا شروع کردیا جس میں سات افراد ہلاک اور 48 زخمی ہوگئے ۔ یہ حملہ ایسے وقت ہوا جبکہ برطانیہ میں /8 جون کو عام انتخابات ہورہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک سفید ویان کل مقامی وقت کے مطابق تقریباً 10 بجے شب مصروف ترین لندن برج پر پیدل راہروں میں گھسادی گئی ۔ اس کے بعد تین افراد ویان سے نکل کر فرار ہوگئے جن کے ہاتھوں میں بڑے چاقو تھے اور قریبی بوروف مارکٹ میں واقع بارس اور ریسٹورینٹس میں عوام پر حملہ شروع کردیا ۔ عینی شاہدین کے مطابق وہ چیخ رہے تھے کہ ’’یہ اللہ کے لئے ہے ‘‘ ۔ میٹرو پولیٹین پولیس کے مطابق حملہ میں 7 افراد ہلاک اور تقریباً 48 زخمی ہوگئے ۔ جنہیں ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے ۔ اس حملہ کو فوری بے اثر کردیا گیا اور مسلح پولیس نے صرف آٹھ منٹ کے اندر اس مقام پر پہنچ کر تمام تین مرد حملہ آواروں کو گولی ماردی ۔ وہ ایسا لباس پہنے تھے جو دھماکو مادہ دکھائی دے رہا تھا لیکن بعد میں یہ فرضی ثابت ہوا ۔ میٹرو پولیٹین پولیس اسسٹنٹ کمشنر اور برطانیہ کے انسداد دہشت گردی سربراہ مارک رولے نے کہا کہ مسلح آفیسرس نے بہت ہی تیزی اور بہادری سے جواب دیا وہ حملہ آواروں سے محاذ آرا ہوئے اور بوروف مارکٹ میں انہیں ہلاک کردیا ۔ حملہ آوروں کو پولیس کو مطلع کرنے کے اندرون آٹھ منٹ ہلاک کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسے دہشت گرد واقعہ تصور کرتے ہیں اور تحقیقات پہلے ہی جاری ہیں ۔ انہوں نے کوئی بھی اطلاعات یا تصاویر رکھنے والوں کو پولیس سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا ۔ علاقہ میں گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دی اور برٹش ٹرانسپورٹ پولیس کے عہدیدار کے بموجب ایک آفیسر کو محاذ آرائی کے دوران چاقو گھونپ دیئے جانے سے زخمی ہوگیا جنہیں ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے اوران کی جان کو خطرہ نہیں ۔
کل رات جس علاقہ میں حملہ کیا گیا یہ ہفتہ واری تعطیل کیلئے کافی شہرت کا حامل ہے جہاں بار ، ریسٹورنٹس اور کلبس موجود ہیں ۔ حملہ آواروں نے جیسے ہی بار ، ریسٹورنٹس اور سڑکوں پر لوگوں کو چاقو گھونپنا شروع کیا عوام میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف کے عالم میں وہ بھاگنے لگے ۔ وزیراعظم تھریسامے نے ان واقعات کو انتہائی خطرناک قرار دیا ۔ انہوں نے حکومت کی کوبرا ایمرجنسی کمیٹی اجلاس کی صدارت کی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور سکیورٹی عہدیداروں کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق وہ کہہ سکتی کہ لندن میں پیش آئے خوفناک واقعہ کو دہشت گرد سرگرمی سمجھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات تیزی سے جاری ہیں ۔ مہلوکین کو خراج کے طور پر ڈاؤننگ اسٹریٹ پر پرچم نصف بلندی پر لہرایا جارہا ہے ۔ حکمراں کنزریوٹیو پارٹی نے اتوار کی انتخابی مہم ملتوی کردی ہے ۔ اپوزیشن لیبر پارٹی نے بھی اتوار کی انتخابی مہم منسوخ کرنے کا اعلان کیا ۔ لندن میئر صادق خاں نے اسے بے قصور لندن شہریوں پر بزدلانہ حملہ قرار دیا ۔ ہندوستانی ہائی کمیشن برائے لندن نے اس حملہ کا شکار ہونے والے ہندوستانیوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پبلک ریسپانس یونٹ قائم کی ہے ۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے لندن حملہ کی مذمت کی ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے لندن حملہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی صدمہ انگیز قرار دیا ۔ واضح رہے کہ لندن میں یہ حملہ عام انتخابات سے چار دن قبل کیا گیا اور دو ہفتے پہلے خودکش بمبار سلمان عابدی نے /22 مئی کو مانچسٹر کنسرٹ کو نشانہ بنایا تھا جس میں 22 افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے لندن حملہ کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی عاجلانہ صحتیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔
زخمیوں میں فرانس کے 4 شہری شامل
پیرس ۔ /4 جون (سیاست ڈاٹ کام) لندن میں آج ہوئے حملہ میں فرانس کے چار شہری زخمی ہوگئے ۔ وزیر خارجہ ڈرائین نے فرانس انفوریڈیو کو بتایا کہ چار افراد زخمی ہوئے ہیں اور ایک شخص بری طرح زخمی ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کی انسداد دہشت گردی پراسکیوشن سرویس نے حملہ کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔