ایسٹر کی تعطیل منارہے عوام نشانہ ، 300 زخمی ، طالبان نے ذمہ داری قبول کرلی ، پنجاب میں سہ روزہ سوگ
لاہور ۔ /27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے مشرقی شہر لاہور میں واقع ایک مشہور پارک میں جہاں لوگ ایسٹر کی تعطیل منارہے تھے ، خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجہ میں 70افراد بشمول خواتین اور بچے ہلاک اور تقریباً 300 زخمی ہوگئے ۔طالبان نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ عوام بشمول عیسائیوں کی کثیر تعداد اقبال ٹاؤن علاقے میں واقع گلشن اقبال پارک میں موجود تھے کے اچانک طاقتور بم دھماکہ ہوا اور ہر طرف نعشیں بکھر گیئں ۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل لاہور پولیس حیدر اشرف نے کہا شبہ ہے کہ خودکش بمبار نے پارک کے باب الداخلہ پر خودکو دھماکے سے اڑالیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس دھماکے میں تقریباً 8 تا 10 کیلو دھماکو مادہ استعمال کیا گیا ۔ ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن آفیسر لاہور ریٹائرڈ کیپٹن محمد عثمان نے بتایا کہ تقریباً 70 افراد ہلاک اور 300 زخمی ہوگئے ہیں ۔ تاہم انہوں نے عیسائی اس حملے کا نشانہ ہونے کا امکان مسترد کردیا ۔
انہوں نے کہا کہ یہ عیسائیوں کا پارک نہیں تھا ہوسکتا ہے کہ مہلوکین میں عیسائی شامل ہوں ۔ پنجاب کے وزیر بلال یسین نے کہا کہ مہلوکین کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ زخمیوں میں اکثر کی حالت تشویشناک ہے ۔ یہ پارک لاہور کے پاش علاقے میں واقع ہے اور عام طور پر اسے ملک کے تشدد سے متاثرہ دیگر علاقوں کے مقابلے پرامن شہر تصور کیا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ یہ وزیراعظم نواز شریف کا آبائی ٹاؤن بھی ہے ۔ زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کرنے میں عہدیداروں کی فوج بھی مدد کررہی ہے ۔ شہر کے تمام ہاسپٹلس میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا گیا ہے اور عوام سے خون کا عطیہ دینے کی اپیل کی گئی ہے ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ پارک میں ہر طرف انسانی اعضاء بکھرے ہوئے تھے اور یہاں چھٹی ہونے کی وجہ سے کئی لوگ ارکان خاندان بالخصوص خواتین اور بچوں کے ساتھ جمع تھے ۔ ایسٹر ہونے کی بنا آج پارک میں غیرمعمولی طور پر زیادہ تعداد تھی ۔ ایک زخمی سلیم شاہد نے بتایا کہ وہ اور اس کے دونوں بچے کھیل رہے تھے کہ اچانک دھماکہ ہوا اس سے وہ سب گرپڑے ۔ سلیم نے کہا کہ وہ بے ہوش ہوگئے تھے اور جب ہوش آیا تو انہوں نے بچوں کو تلاش کرنا شروع کیا ۔ اس دھماکہ میں ان کے بچے زخمی ہوئے ۔ اللہ کا شکر ہے کہ وہ زندہ ہیں اور ان کے سر پر زخم آئے ہیں ۔ پولیس نے پارک کا تخلیہ کرنے کی کوشش کی لیکن لوگ اپنے لواحقین کی تلاش میں مصروف تھے اور یہاں سے نکلنے کیلئے تیار نہیں تھے ۔ حکومت پنجاب نے 3 دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے ۔ وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے علاوہ عیسائی قائدین نے اس حملے کی مذمت کی ۔
مودی کا نواز شریف کو فون ، دھماکوں کی مذمت
نئی دہلی ۔ /27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے لاہور دھماکوں کی مذمت کی اور مہلوکین کے ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ وہ اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف سے فون پر ربط قائم کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئیے ۔
اور مہلوکین کے ارکان خاندان سے تعزیت کے علاوہ زخمیوں کی عاجلانہ صحت یابی کے متمنی ہیں ۔