حیدرآباد۔/29مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں 30مارچ کو صبح 6 بجے سے تقریباً 3 لاکھ لاریاں سڑکوں پر نہیں چلائی جائیں گی۔ جنرل سکریٹری تلنگانہ لاری اونرس اسوسی ایشن مسٹر جی درگا پرساد نے بتایا کہ مختلف مطالبات کی یکسوئی کیلئے تلنگانہ کے بشمول 6 ریاستوں میں یہ ہڑتال کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے مایحتاج جیسے گیہوں، چاول، شکر کے علاوہ ریت اور سمنٹ کی لاریاں بھی کل بند رہیں گی۔ تاہم ٹرانسپورٹ کمشنر نے کہا کہ ضروری اشیاء جیسے دودھ، پٹرول اور ڈیزل دستیاب رہے گا۔ مسٹر درگا پرساد نے کہا کہ حکومت نے تلنگانہ لاری اونرس اسوسی ایشن کو بات چیت کیلئے 30مارچ کو 11 بجے دن مدعو کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بات چیت میں ضرور حصہ لیں گے لیکن کل صبح 6 بجے ہڑتال شروع ہوجائے گی۔ لاری مالکین انشورنس چارجس میں اضافہ کی مخالفت کررہے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ ڈیزل کی قیمت میں مسلسل اضافہ روکنے کا بھی مطالبہ کیا جارہا ہے۔ حکومت کی جانب سے 15 سال قدیم گاڑیوں کو ختم کرنے کی بھی مخالفت کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر مطالبات میں آندھرا اور تلنگانہ کیلئے سنگل پرمٹ ، ڈرائیورس کی 304(a) کے تحت گرفتاری روکنے اور اوور لوڈ کی صورت میں ڈرائیورس کا لائسنس منسوخ نہ کرنا بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیورس کی خدمات حاصل کرنا ہی مشکل ہے ایسے میں پولیس اوور لوڈ اور دیگر بہانوں سے ان کا لائسنس منسوخ کررہی ہے۔ حکومت نے ہڑتال روکنے کی کوشش کے طور پر سب سے پہلے پیر کو تلنگانہ لاری اونرس اسوسی ایشن اورSIMTA ارکان کا اجلاس طلب کیا جہاں وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی نے ان سے بات کی۔ اس وقت وزیر موصوف نے شاہراہوں پر لاری ڈرائیورس سے اضافی ٹول ٹیکس وصول کئے جانے کے الزامات کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ لاری اونرس اسوسی ایشن نے الزام عائد کیا کہ گوداوری کھنی، حیدرآباد کے راستہ پر کسی ایک لاری کی آمدورفت کیلئے 3200روپئے وصول کئے جارہے ہیں اور اس شاہراہ پر 3 ٹول پلازا واقع ہیں۔ اسوسی ایشن نے اس طرح کی ہراسانی روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔ جنوبی ہند میں مجموعی طور پر کل 12 تا 15 لاکھ لاریاں نہیں چلائی جائیں گی۔
شاہراہوں پر ٹول چارجس میں اضافہ
حیدرآباد۔/29مارچ، ( سیاست نیوز) نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا نے قومی شاہراہوں پر واقع ٹول گیٹس چارجس میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے جس پر یکم اپریل سے عمل ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ کار، جیپ کار، ڈی سی ایم، منی بس اور اسی زمرہ میں شامل گاڑیوں کیلئے موجودہ ٹول چارجس میں 5 تا10 روپئے اضافہ کیا جائے گا۔ لاری، ٹرک اور دیگر بڑی گاڑیوں کیلئے ٹول چارجس میں 20تا 30 روپئے کا اضافہ کیا جائے گا۔ ٹول پلازا سے 20 کیلو میٹر کے احاطہ میں موجود مواضعات کے عوام سے گاڑی کیلئے ماہانہ چارجس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔