شاہی دور میں سونے اور چاندی کے برتن کا استعمال ہوا کرتا تھا ، ایوانکا اور مودی کا بھی عشائیہ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : دنیا کی سب سے بڑی ڈائننگ ٹیبل ، ایک ہی مجلس میں 101 افراد تناول طعام کرسکتے ہیں اور یہ ٹیبل بڑی چمکدار ہوتی ہے اور اس ٹیبل کی عظیم الشان و قدیم تاریخی حیثیت ہے ۔ شاہی دسترخوان والی یہ ٹیبل دنیا میں کہیں اور نہیں بلکہ نوابوں کے شہر حیدرآباد کے تاج فلک نما پیالیس میں ہی ہے ۔ نوابوں اور بادشاہوں کی اس ٹیبل پر بیٹھ کر کھانا کھانا کوئی معمولی بات نہیں ہے ۔ آئیے ! آج ہم اس ٹیبل کی تاریخی حیثیت سے آگاہی حاصل کریں ۔ آنکھوں کو چکاچوند کرنے والی جھومر کی لائٹس اور وہاں موجود ہر ایک چیز میں چاندی کی آمیزش ، کرسی تا چھت ہر ایک میں چکاچوند چمک ، اس ٹیبل کے ایک جانب 50 تو دوسری جانب 50 افراد اور ٹیبل کے سرے پر موجود اونچی کرسی پر مہمان خصوصی بیٹھنے کا انتظام ہے ۔ اس ٹیبل کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ مائک نہ ہونے کے باوجود ٹیبل کے ایک سرے پر بیٹھے ہوئے آدمی کی آواز بآسانی دوسرے سرے پر بیٹھا ہوا آدمی سن سکتا ہے ۔ اور یہ ٹیبل 80 قدم لمبی ، 5.7 قدم چوڑی اور 2.7 قدم اونچی ہے ۔ اب آئیے اس ہال سے متعلق جانیں جہاں یہ ٹیبل رکھی ہوئی ہے ۔ اس ہال میں 5 جھومر ایسے ہیں جو سارے ہال کو چمکدار اور روشن کردیتے ہیں اور ہال کی دیواروں پر سونا پگھلا کر رنگوں کی طرح استعمال کیا گیا ہے جو بڑے جاذب نظر ہیں ۔ فلک نما پیالیس کو 1893 میں نظام دور حکومت کے وزیراعظم نواب وقار الامراء نے تعمیر کروایا اور اس عمارت کی تعمیر کے لیے ماہرین کو فرانس سے لایا گیا تھا ۔ اس زمانے میں بادشاہ کے افراد خاندان کو کھانا کھلانے کے لیے 25 خادم ہوا کرتے تھے اور اس دسترخوان پر استعمال کیے جانے والے تمام برتن سونے اور چاندی کے بنے ہوئے ہوتے تھے اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ دیواروں پر غذائی اشیاء کی تصاویر ہوا کرتی تھیں جنہیں دیکھ کر نواب ہر دن ایک ایک لذیذ پکوان کا حکم دیا کرتے تھے اور اس پیالس میں کئی ملکوں کے بادشاہوں نے اس ٹیبل پر بیٹھ کر لذیر طعام تناول کیا ہے اور 2010 میں تاج گروپ آف ہوٹلس نے اس فلک نما محل کو نظام کے افراد خاندان سے کرایہ پر حاصل کر کے تاج فلک نما ہوٹل میں تبدیل کیا ہے اور اس ہوٹل کی افتتاحی تقریب میں فلمی ہیروئن کرینہ کپور ، کرکٹر سچن ٹنڈولکر وغیرہ نے شرکت کی تھی ، کیا اس تاج فلک نما ہوٹل میں صرف نواب ، بادشاہ یا دیگر مشہور شخصیات ہی کھانا کھا سکتے ہیں ایسا نہیں ؟ آپ میں سے کوئی بھی یہاں کھا سکتے ہیں مگر شرائط لاگو ہوں گی یعنی کم از کم 40 افراد ہونے پر ہی اس ٹیبل پر بیٹھ کر کھانا کھا سکتے ہیں یا صرف آپ ایک ہی کھانا چاہیں تو ایک وقت کے لیے 18 ہزار روپئے ادا کرنا ہوگا ۔ اس عالی شان ٹیبل پر دختر صدر امریکہ ایوانکا ٹرمپ اور نریندر مودی کے علاوہ دیگر بڑی بڑی شخصیات نے 28 نومبر کی رات عشائیہ میں شرکت کی۔۔