لیبگازپی (فلپائن) ۔ یکم ؍ فروری (سیاست ڈاٹ کام) ایک آتش فشاں سے لاوا اور راکھ کا اخراج تقریباً 3.6کیلو میٹر تک پہنچ گیا جبکہ اخراج کا سلسلہ دو ہفتہ قبل شروع ہوا تھا۔ ماؤنٹ میون کی بلند ترین چوٹی کا حصہ بالکل سرخ نظر آرہا تھا کیونکہ دو گھنٹہ قبل ہی چاند گہن رونما ہوا تھا۔ دریں اثناء فلپائن انسٹیٹیوٹ آف والکینولوجی اینڈ سیسمولوجی نے بتایا کہ لاوا کے علاوہ گیس کا اخراج بھی بہت زیادہ ہے۔ لاوا آس پاس کے علاقوں میں تین کیلو میٹر تک پہنچ گیا ہے۔ حکام کو آس پاس کے علاقوں میں واقع مواضعات کے لوگوں کو اپنے اپنے مکانات لوٹ کر صورتحال معلوم کرنے کی کوشش سے روکنے اور ساتھ ہی ساتھ سیاحوں کو بھی اخراج کے منظر کو اپنے سیل فونس کے کیمروں میں قید کرنے سے باز رکھنے کیلئے شدید جدوجہد کا سامنا کرنا پڑا۔ سائنسدانوں کا کہنا ہیکہ اگلے چند دنوں میں لاوا، گیس اور راکھ کے اخراج میں مزید شدت پیدا ہوسکتی ہے۔ ماؤنٹ میون جہاں واقع ہے اس علاقہ میں 8 کیلو میٹر تک کے حدود کو ’’ڈینجرزون‘‘ کہا جاتا ہے۔ یعنی 8 کیلو میٹر کے بعد آتش فشاں سے خارج ہونے والا لاوا ، راکھ یا گیاس لوگوں پر زائد اثرانداز نہیں ہوگی۔