فلپائن میں گرینیڈ حملہ،2ہلاک، 4 زخمی

منیلا ۔30جنوری(سیاست ڈاٹ کام) فلپائن کے جنوبی شہر جانبوآنگا میں چہارشنبہ کی صبح ایک مسجد میں دھماکہ ہونے سے کم از کم دو افراد ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوگئے ۔علاقائی فوجی ترجمان لیفٹننٹ کرنل گیری بیسانا نے بتایا کہ مسجد کے اندر ایک دستی بم پھینکا گیا جس سے دو لوگوں کی موت ہوگئی اور چار دیگر زخمی ہوگئے ۔متاثرین میں زیادہ تر باسیلن اور نزدیکی صوبوں کے مسلم مبلغین شامل ہیں۔حملے کے وقت وہ مسجد کے احاطے میں سورہے تھے ۔واضح رہے کہ سولو صوبے کے جولو جزیرے پر اتوار کو ایک چرچ میں ہوئے بم دھماکوں میں 21افراد کی ہلاکت کے بعد سے ملک میں ہائی الرٹ جاری ہے ۔فلپائن انتظامیہ نے اس حملے کے لئے مقامی دہشت گردانہ گروپ ابو سیاف کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔مسجد پر ہوئے حملے کی کسی بھی شخص یا تنظیم نے ذمہ داری نہیں لی ہے ۔