فلمی اداکار این ہری کرشنا خوفناک سڑک حادثہ میں ہلاک

۔2 افراد شدید زخمی، ضلع نلگنڈہ کے قریب اندوہناک واقعہ، چندرا بابو نائیڈو کے بشمول ارکان خاندان غم سے نڈھال

تیز رفتار کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر 15 میٹردور جاگری
ریاستی وزراء اور دیگر قائدین نے پرسہ دیا
آنجہانی قائد کے فرزند جانکی رام بھی سڑک حادثہ کا شکار ہوگئے تھے

نلگنڈہ؍حیدرآباد۔/29 اگسٹ، ( فہیم الدین کی رپورٹ) ضلع نلگنڈہ کے مضافات میں پیش آئے اندوہناک سڑک حادثہ میں بانی صدر تلگودیشم پارٹی و آنجہانی چیف منسٹر آندھرا پردیش کے فرزند و فلمی اداکار سابق رکن راجیہ سبھا این ہری کرشنا ہلاک اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔ مہلوک قائد کی یہاں ہمایوں نگر میں واقع قیامگاہ پہنچ کر چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آخری دیدار کیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر اے پی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو اور دیگر کئی قائدین موجود تھے۔

سابق ریاستی وزیر و رکن راجیہ سبھا مسٹر این ہری کرشنا 62 سالہ اپنے دو دوستوں کے ہمراہ فارچون کار نمبر اے پی 28 بی ڈبلیو 2323 میںضلع نیلور کے کاویری میں اپنے بہی خواہ کی تقریب میں شرکت کی غرض سے صبح کی اولین ساعتوں میں تقریباً 4:30 بجے حیدرآباد سے روانہ ہوئے تھے کہ ضلع نلگنڈہ میں واقع ریاستی شاہراہ اونکی نارکٹ پلی ضلع مستقر کے مضافاتی علاقہ انے پرتی 12ویں بٹالین کے قریب تقریباً 6 بجے تیز رفتار کے باعث کار بے قابو ہوگئی اور ڈیوائیڈر کو ٹکر دے کر ہوا میں اچھل کر مخالف سمت کی جانب 15 فٹ دور جاگری ہوا میں کار کے اُلٹ جانے کی وجہ ہری کرشنا کار سے نیچے گر گئے جس کی وجہ سر پر شدید چوٹ لگی، شدید زخمی حالت میں مقامی عوام نے جھاڑیوں سے ان کو باہر سڑک کے کنارے لایا اور فوری دواخانہ قریب میں واقع کامینینی نارکٹ پلی منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹرس طبی امداد پہنچارہے تھے کہ وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔

عینی شاہدین اور ان کے ہمراہ دوستوں نے بتایا کہ کار خود فلمی اداکار ہری کرشنا چلارہے تھے اور سیٹ بیلٹ نہ لگانے کی وجہ وہ کار سے نیچے گر گئے تھے جس کی وجہ سر اور سینہ پر شدید ضرب لگی اور انہیں تفنس کا مسئلہ بھی درپیش رہا۔ نلگنڈہ رورل پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا۔ حادثہ کی اطلاع پر مقامی سیاسی جماعتوں کے قائدین، ضلع مہتمم پولیس مسٹر رنگا ناتھ، ڈی ایس پی سدھاکر اور پولیس کی بھاری جمعیت کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ سابق رکن راجیہ سبھا کے دو دوست شیواجی اور وینکٹ راؤ معمولی طور پر زخمی ہوگئے جو کامینینی نارکٹ پلی دواخانہ میں زیر علاج ہیں۔ حادثہ کی اطلاع پر ارکان خاندان سابق مرکزی وزیر پورندیشوری، چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو، ان کی اہلیہ ، بھائی و رکن اسمبلی فلمی اداکار بالا کرشنا، فلمی اداکاروں کے علاوہ ریاستی وزیر برقی مسٹر جی جگدیش ریڈی، رکن اسمبلی نکریکل ویریشم و دیگر نے کامینینی دواخانہ پہنچ کر دیدار کیا۔

بعد ازاں ضلع مہتمم پولیس مسٹر رنگا ناتھ نے حادثہ سے متعلق تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ تیز رفتاری اور سیٹ بیلٹ نہ لگانے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ہے اور بتایا کہ گاڑی چلانے کے دوران پانی کے باٹل لینے کی وجہ پچھلی نشست کی طرف موڑنا بھی کار بے قابو ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ حادثہ کی تیزی سے ڈیوائیڈر کو ٹکر دینے کی وجہ سے کار تقریباً 15 میٹر دور ہوا میں اچھل کر گری، ڈرائیونگ کرنے والے ہری کرشنا 20 میٹر دور جاگرے ، کار کی رفتار 160 کیلو میٹر فی گھنٹہ بتائی گئی ہے۔ پولیس تمام زاویوں سے تحقیقات کررہی ہے۔ نعش بعد پوسٹ مارٹم ورثاء کے حوالے کردی گئی جسے خصوصی ایمبولنس میں حیدرآباد میں واقع رہائش گاہ منتقل کردیا گیا۔ واضح رہے کہ آنجہانی قائد تلگودیشم پارٹی کے فرزند جانکی رام بھی قومی شاہراہ 65 پر واقع ضلع کے کوداڑ کے قریب سڑک حادثہ میں 4 سال قبل ہلاک ہوگئے تھے۔ ایک اور فرزند فلمی اداکار جونیر این ٹی آر کا بھی قومی شاہراہ پر واقع منوگالا میں 2009 میں حادثہ پیش آیا تھا ۔ ارکان اسمبلی مسرز کے وینکٹ ریڈی، مریال گوڑہ این بھاسکر راؤ، صدر ضلع تلگودیشم محمد یوسف، ٹی آر ایس انچارج کے بھوپال ریڈی و دیگر نے پرسہ دیا۔

ہری کرشنا کی آج آخری رسومات، ٹریفک کے رُخ میں تبدیلی
حیدرآباد ۔ /29 اگسٹ (سیاست نیوز) فلمی اداکار و سابقہ رکن راجیہ سبھا این ہری کرشنا کی ضلع نلگنڈہ میں سڑک حادثہ میں ہلاکت کے بعد کل شہر کے علاقے جوبلی ہلز میں آخری رسومات سرکاری اعزازات کے ساتھ انجام دی جائیں گی ۔ اس موقع پر ٹریفک پولیس نے ٹریفک تحدیدات عائد کرتے ہوئے عوام کو متبادل راستے اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ ایڈیشنل کمشنر پولیس ٹریفک مسٹر انیل کمار نے بتایا کہ این ہری کرشنا کی آخری رسومات کل جوبلی ہلز مہاپرستھانم شمشان گھاٹ میں ہوگی ۔ اس موقعہ پر ہری کرشنا کے مکان واقع مانصاحب ٹینک مہدی پٹنم سے شام 4 بجے ریالی کی شکل میں لے جایا جائے گا اور یہ ریالی مہدی پٹنم ، ریتی باؤلی نانل نگر ، ٹولی چوکی فلائی اوور ، شیخ پیٹ نالہ ، بھارت پٹرول پمپ ، او ایس ایس اسکول ، وسپر ویالی جنکشن اور جے آر سی کنونشن سنٹر سے گزرتا ہوا جوبلی ہلز مہاپرستھانم پہونچے گی ۔ ٹریفک پولیس نے اپیل کی ہے کہ مانصاحب ٹینک این ایم ڈی سی سے جانے والے افراد ایودھیا جنکشن بازار گھاٹ ، آصف نگر سے متبادل راستے اختیار کریں ۔ پرانے شہر سے آنے والے افراد پرانا پل ، عطاپور سے گچی باؤلی پہونچ سکتے ہیں ۔ ٹریفک پولیس نے اپیل کی ہے کہ گچی باؤلی ، ہائی ٹیک سٹی اور دیگر مقامات کو جانے والے افراد متبادل راستے اختیار کریں کیونکہ سہ پہر تین بجے تا 6 بجے شام تک ٹریفک کا بہاؤ متاثر رہے گا ۔ چونکہ ہری کرشنا کی رہائش گاہ پر ان کے حامی اور کئی اہم شخصیتیں پہونچ رہی ہیں اور کل ریالی میں بھی کثیر تعداد میں حامیوں کی شرکت ہونے کی امید ہے ۔