فدائین حملہ : 8 سی آر پی ایف جوان، دو دہشت گرد ہلاک

سرینگر ، 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) سکیورٹی فورسیس پر حالیہ برسوں کے مہلک ترین حملے میں آٹھ سی آر پی ایف پرسونل ہلاک اور 21 دیگر شدید زخمی ہوگئے جب دہشت گردوں نے یہاں سے قریب پامپور میں اُن کی بس پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی، جو لشکرطیبہ کا انجام دیا گیا فدائین حملہ ظاہر ہوا ہے۔ انسپکٹر جنرل آف سی آر پی ایف نلین پربھات نے یہاں کہا کہ دہشت گردوں کی نعشیں دیکھنے پر وہ دونوں پاکستانی معلوم ہوتے ہیں، یقینا لشکرطیبہ سے تعلق رکھتے تھے ہوں گے، اور عین ممکن ہے وہ فدائین (خودکش حملہ آور) تھے۔ انھوں نے بتایا کہ سی آر پی ایف والوں کی بس جو فائرنگ کی مشق کے بعد سرینگر کو واپس ہورہی تھی، اسے دو دہشت گردوں نے گھات لگا کر نشانہ بنایا جبکہ وہ مخالف سمت سے آرہے تھے۔ ’’وہ ایک کار سے اُترے اور بس پر اندھادھند فائرنگ کردی۔ قبل اس کے کہ وہ بس میں گھستے ، جو فائرنگ کے سبب رُک گئی تھی، انھیں سی آر پی ایف کی روڈ اوپننگ پارٹی نے ہلاک کردیا۔‘‘ مشتبہ لشکرطیبہ دہشت گردوں نے یہاں سے 14 کیلومیٹر دور فریستبل میں سی آر پی ایف کی 161 بٹالین کے جوانوں کو لیجارہی بس پر بے تحاشہ فائرنگ کردی۔ بعض لوگوں کے بیان کے مطابق مزید دو عسکریت پسند اس حملہ میں ملوث ہوئے لیکن کوئی سرکاری توثیق نہ ہوئی۔ اس علاقہ کی ناکہ بندی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کی وہاں سے ممکنہ فراری کے تعلق سے پیام عام کردیا گیا ہے۔ زخمیوں کو تیزی سے اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے پانچ کو مردہ قرار دیا، جبکہ 21 زخمی جوانوں میں سے چار کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ انکاؤنٹر ختم ہونے کے بعد مزید تین سی آر پی ایف جوانوں کی نعشیں بس کی پچھلی نشستوں میں پائی گئیں، جس سے سی آر پی ایف کو جانی نقصان کی تعداد آٹھ ہوگئی۔

مودی، محبوبہ مفتی کا اظہار مذمت
وزیراعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر میں دہشت گردانہ حملہ میں آٹھ سی آر پی ایف جوانوں کی موت پر آج رات ٹوئٹر کے ذریعہ دکھ کااظہار کیا اور جوانوں کی ہمت کو سلام کیا۔ چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہ مفتی نے اس حملہ کی پُرزور مذمت کی اور کہا کہ اس کا مقصد ’’نقص امن‘‘ اور ریاستی حکومت کی شروع کردہ ترقیاتی اقدامات کو نقصان پہنچانا ہے۔ ریاستی گورنر این این ووہرہ نے بھی سی آر پی ایف جوانوں کی ہلاکت پر رنج و ملال کا اظہار کیا۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے بھی پامپور کے حملہ کو ’بزدلانہ‘ حرکت قرار دیتے ہوئے اُس کی مذمت کی۔