غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کیلئے حکومت پابند عہد:سشماسوراج

نئی دہلی۔ 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج اتر پردیش کے نوئیڈا میں ایک نائجریائی شہری کے قتل کے معاملے میں ہندوستانی”سیاسی قیادت” کی خاموشی والے افریقی سفارتی مشن کے ڈین کے بیان کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ وہ صرف افریقی ہی نہیں بلکہ تمام غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کیلئے پابند عہدہے ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران کانگریس کے سی وینو گوپال کی طرف سے یہ مسئلہ اٹھائے جانے پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ افریقی مشن کے ڈین ایلن وولڈماریم کا بیان افسوسناک ہے کہ ہندوستانی سیاسی قیادت اس معاملے پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے اس لئے وہ اس معاملے کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن میں لے جائیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ وزیر مملکت جنرل وی کے سنگھ نے آج افریقی مشن کے ڈین کو طلب کرکے ان کے بیان پر حکومت ہند کے اعتراضات سے آگاہ کیا ہے ۔ انہوں نے ایوان کو یقین دلایا کہ غیر ملکی شہری خواہ نائیجیریا کا ہو یا کسی دوسرے افریقی ملک کا یا پھر کسی تیسرے ملک کا شہری ہو وہ تمام شہری ہندوستان میں محفوظ رہیں، اس کیلئے حکومت پابند عہدہے ۔ انہوں نے کہا کہ سنگھ نے افریقی مشن کے ڈین سے کہا کہ اگر مرکزی حکومت اور اترپردیش حکومت کی یقین دہانی کے بعد بھی انہیں لگتا ہے کہ حکومت ہند کی طرف سے اٹھائے گئے قدم ناکافی ہیں اور کیس کو حل نہیں ہوا ،تو انہیں وزیر اعظم سے بات کرنی چاہئے تھی۔