20جون تک کسانوں کو چیکس کی اسکیم پر صد فیصد عمل درآمد۔ 2جون کو اسکولوں میں تلنگانہ کے یوم تاسیس کا اہتمام
چیف منسٹر کے سی آر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/23 مئی، ( سیاست یوز) چیف منسٹر کے سی آر نے آئندہ 25 دن میں پٹہ پاس بکس اور سرمایہ کاری چیکس کی صد فیصد تقسیم کو عمل میں لانے کی ہدایت دی۔ ماہ رمضان کے پیش نظر ریاست کے 119 اسمبلی حلقوں میں غریب مسلمانوں میں ملبوسات تقسیم کرنے اور 2 جون کو تمام سرکاری و خانگی اسکولس میں یوم تاسیس تقریب کا اہتمام کرنے پر زور دیا۔ آج پرگتی بھون میں چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے تمام کلکٹرس کے ساتھ اجلاس طلب کیا جس میں رعیتو بندھو اسکیم کا تفصیلی جائزہ لیا۔ 24 مئی تا 20 جون 25 دن میں تمام پٹہ دار پاس بکس اور سرمایہ کاری اسکیم کے چیکس صد فیصد کسانوں تک پہنچانے پر زور دیا۔ اسکیم کی نگرانی کیلئے ہر ضلع کیلئے ایک وزیر، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کو انچارج نامزد کردیا۔ اراضیات کی تفصیلات درج کرنے کیلئے آن لائن فری زنگ سے دستبرداری اختیار کرنے کی چیف منسٹر نے ہدایت دی۔ ساتھ ہی اراضیات کی خرید و فروخت کو درج کرنے اور تمام اقسام کے میوٹیشن کرنے وراثتی حقوق کی نشاندہی کرنے نئے ناموں کے ساتھ درج پٹہ پاس بکس شائع کرنے پر زور دیا ابھی تک جاری کردہ بکس میں تکنیکی و دوسری غلطیوں پر اپنی سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں جلد از جلد درست کرنے کے بھی احکامات جاری کئے۔ 20 جون تک تمام زیر التوا کاموں کو پورا کرنے تمام تفصیلات کو ’’ دھرتی ‘‘ ویب سائیٹ سے جوڑنے کا بھی مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اضلاع کی تنظیم جدید سے اراضیات کا سروے کرنے پٹہ دار پاس بکس تیار کرنے اور سرمایہ کاری چیکس تقسیم کرنے میں آسانی ہوئی ہے۔ کے سی آر نے کہا کہ ریاست میں آئندہ ماہ نئی رجسٹریشن پالیسی متعارف کرائی جارہی ہے۔ کسانوں کی لائف انشورنس پالیسی پر بھی عمل کیا جارہا ہے اس کو کامیاب اور بامقصد بنانے کیلئے اراضی کا ریکارڈ درست ہونا لازمی ہے۔ مالکین اراضی کی نشاندہی تک اس اسکیم پر عمل آوری ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کاموں کے دوران چند مسائل بھی پیش آئے ہیں مگر تھک کر ہارنا نہیں ہے بلکہ نئے عزائم کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ چیف منسٹر نے آدھار نمبر سے منسلک نہ کرنے والوں کے پٹہ دار پاس بکس کو علحدہ رکھنے کی ہدایت دی۔ ہندوستان میں کہیں دستیاب نہ رہنے والے این آر آئی پاس بکس کی اجرائی کیلئے خصوصی سسٹم ایجاد کرنے پر زور دیا۔ اراضی ریکارڈ درست کرنے کے دوران بدعنوانیوں میں شامل ہونے والے عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔چیف منسٹر نے کہا کہ اراضیات پر بھروسہ کرتے ہوئے زندگی گذارنے والے کسانوں کی اکثریت ہے۔ اندرون ایک ایکر اراضی رکھنے والے کسانوں کی تعداد 18 لاکھ ہے۔ غریب کسان کے انتقال پر ان کے ارکان خاندان کو راحت فراہم کرنے کیلئے 3 لاکھ روپئے انشورنس فراہم کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ حکومت پریمیم ادا کرے گی۔ ہر کسان کو انشورنس فراہم کیا جائیگا۔ پٹہ دار پاس بکس اور چیکس کی تقسیم کا جائزہ لینے کے بعد چیف مسٹر نے ماہ رمضان کے انتظامات، تلنگانہ کے یوم تاسیس، کلیان لکشمی اسکیم، ہریتا ہارم پروگرام کے علاوہ دوسرے پروگرامس کے بارے میں کلکٹرس کو ہدایت دی۔ تلنگانہ کے ہر اسمبلی حلقہ میں ماہ رمضان کے دران غریب مسلمانوں میں کپڑے تقسیم کرنے اور دوسرے تمام انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔ کلیانا لکشمی کی عمل آوری میں کاسٹ سرٹیفکیٹ طلب نہ کرنے پر بھی زور دیا۔ یکم جون سے اسکولس کی کشادگی عمل میں آرہی ہے لہذا 2 جون کو تمام اسکولس میں یوم تاسیس تقریب کا اہتمام کرنے کا بھی مشورہ دیا۔ موسم برسات میں منعقد کئے جانے والے ہریتا ہارم پروگرام کا جائزہ لیا۔ اضلاع میں نرسریز کا معائنہ کرنے اور شجرکاری کیلئے پودوں کو تیار رکھنے کی کلکٹرس کو ہدایت دی۔