پاک۔ امریکہ تعلقات میں اعتماد ضروری :نامزد وزیراعظم ‘ رائے دہی کے دن چیف الیکشن کمشنر محوخواب : چیف جسٹس
اسلام آباد ۔ 8 اگست (سیاست ڈاٹ کام) عمران خان کو ایک بڑی راحت پہنچاتے ہوئے سپریم کورٹ نے 25 جولائی کو منعقدہ انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ لاہور سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر حکم التواء جاری کردیا۔ اس حلقہ سے عمران خان کو بہت کم ووٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ 65 سالہ عمران خان آئندہ ہفتہ پاکستان کے وزیراعظم بن جائیں گے۔ انہوں نے پانچ حلقوں سے مقابلہ کیا تھا اور چار پر کامیابی ہوئی تھی۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو اعتماد کی بنیاد پر مستحکم کرنا ضروری ہے ۔ اخبارات کی اطلاع کے بموجب انہوں نے کہاکہ پاکستان میں دہشت گردوں کی ’’ محفوظ پناہ گاہ ‘‘ ہونے کی تمام اطلاعات جن کی بنیاد پر صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان پر الزام عائد کیا تھا ‘ بے بنیاد ہیں ۔پاکستان کے نئے وزیراعظم کی حیثیت سے عمران خان کی آئندہ ہفتہ حلف برداری متوقع ہے ۔ امکان ہے کہ وہ چیف منسٹر پاکستان پنجاب کی قیامگاہ پنجاب ہاؤز میں ہفتہ کے 6دن قیام کریںگے اور ایک دن کی تعطیل اپنی خانگی قیامگاہ میں منائیں گے ۔ پشاور سے موصولہ اطلاع کے بموجب نامزد وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پاکستانی سیاست میں نووارد محمد خان کو پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخواہ کا نیا چیف منسٹر مقرر کیاہے ۔ وہ ضلع سوات کے متوطن ہیں اور انہوں نے صوبائی اسمبلی انتخابات میں نشست پی کے ۔9 پر کامیابی حاصل کی ہے جو شورش زدہ ضلع خیبرپختونخواہ میں واقع ہے ۔ دریں اثناء پاکستان آئندہ وزیراعظم عمران خان نے صدر ایران حسن روحانی کی دورہ ایران کی دعوت قبول کرلی ہے ۔ صدر ایران حسن روحانی نے انہیں فون پر بات چیت کے دوران انہیں ایران کے دورہ کی دعوت دی تھی اور پاکستان تحریک انصاف کو مبارکباد پیش کی تھی کہ اُس نے عام انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے ۔ دونوں قائدین نے ایک دوسرے کے ملک کے عوام کو مبارکباد بھی پیش کی ۔ کثیر الاشاعت روزنامہ ’’ ایکسپریس ٹریبون ‘‘ نے اس کی خبر شائع کی ہے ۔ اسلام سے موصولہ اطلاع کے بموجب چیف الیکشن کمشنر ریٹائرڈ جسٹس سردار محمد رضا پر طنز کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کہا کہ انہوں نے رائے دہی کے دن تین مرتبہ چیف الیکشن کمشنر سے فون پر ربط پیدا کرنے کی کوشش کی تھی لیکن ہر بار انہیں یہی جواب دیا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر محوخواب ہے ۔ایسا معلوم ہوتا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر رائے دہی کے پورے دن محوخواب ہی تھے ۔ چیف جسٹس نے کہاکہ انہیں الیکشن کمیشن کی موجودہ حالت پر تعجب ہوتا ہے ۔ 25جولائی کو انتہائی کشیدہ صورتحال میں پاکستان کے عام انتخابات منعقد ہوئے تھے جن میں دولت اسلامیہ کے خودکش حملے اور انتخابات کے متعلق پُرتشدد واقعات میں کم از کم 35افراد ہلاک کردیئے گئے تھے ۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی دخل اندازی سے قبل رائے دہی کے دن ملک میں بلارکاوٹ رائے دہی ہورہی تھی ۔