سرینگر، 2 جولائی (یو ا ین آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تشدد کے دو مختلف واقعات میں مشتبہ جنگجوؤں نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے 6 اہلکاروں کو زخمی کردیا۔یہ جنگجویانہ حملے اُس وقت پیش آئے ہیں جب وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ وادی کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں نے کل رات دیر گئے لتر پلوامہ میں قائم سی آر پی ایف کیمپ کی طرف نہ صرف ہینڈ گرینیڈ پھینکا بلکہ شدید فائرنگ بھی کی، جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار زخمی ہوگئے ۔ دوسرے واقعہ میں جنگجوؤں نے ہفتہ کی صبح ترال پلوامہ میں سیکورٹی فورسز کی ایک گشتی پارٹی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں سی آر پی ایف کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق جنگجوؤں نے قصبہ ترال کے اقبال آباد میں سی آر پی ایف کی ایک گشتی پارٹی کی طرف ہینڈ گرینیڈ پھینکا جو کچھ دیری پر زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔ اس میں ایک سی آر پی ایف اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔دونوں واقعات میں حملہ آوروں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ وادی میں گذشتہ کچھ ہفتوں سے جنگجویانہ سرگرمیوں میں شدت دیکھی گئی۔