عراق نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کے پیش نظر ترکی سفارتکار کو کیا طلب

عراق نے ملک کے شمالی علاقے میں بار بار فضائی حدود کی خلاف ورزی کے پیش نظر ترکی کے سفارتکار کو طلب کیا ہے۔ عراقی وزارت خارجہ نے ترکی کے سفیر کو ایک خط بھیج کر متعلقہ معاملے میں مخالفت درج کرائی ہے ۔

وزارت نے جمعہ کو جاری ایک بیان میں کہا ’’وزارت شمالی عراق کے سنجر ماؤنٹین اور مكھمور علاقوں کو ہدف کرکے ترکی کی جانب سے کئی مرتبہ کی جانے والے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی سخت مذمت کرتی ہے۔اس کے اس اقدام سے جانی و مالی نقصان پہنچ رہا ہے”۔

بیان میں کہا گیا ’’اس طرح کی کارروائی عراق کی خود مختاری اور اس کے شہریوں کے حفاظتی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور ترکی کا یہ قدم اچھے پڑوسی کے اصولوں کے خلاف بھی ہے‘‘۔ وزارت نے یہ بھی دہرایا کہ وہ اپنی سرزمین پڑوسی ممالک کے خلاف کارروائی کے لئے استعمال نہیں ہونے دے گا۔