نئی دہلی ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی نژاد گلوکار عدنان سمیع آج ہندوستانی شہری بن گئے۔ شہریت حاصل کرنے کے بعد اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان میں عدم رواداری نہیں ہے۔ ہندوستان میں مبینہ طور پر بڑھتی ہوئی عدم رواداری کے بارے میں بالی ووڈ اسٹارس عامر خان اور شاہ رُخ خان کی تشویش کے بارے میں ایک سوال پر 46 سالہ گلوکار عدنان سمیع نے جواب دیا کہ ہر کسی کو اپنے نظریات کے اظہار کا حق حاصل ہے اور اُن کے یہ ریمارکس غالباً ان دونوں کے شخصی تجربات پر مبنی ہوں گے‘‘۔ عدنان سمیع نے کہاکہ فی الواقعی اگر عدم رواداری ہوتی تو میں ہندوستان کی شہریت حاصل نہ کرتا۔ مجھے یہاں کبھی بھی عدم رواداری کا سامنا کرنا نہیں پڑا۔