عام انتخابات میں علاقائی جماعتوں کا کلیدی کردار : کویتا

بی جے پی دوبارہ برسراقتدار نہیں آئے گی ، غیربی جے پی اور غیرکانگریس حکومت کی تشکیل یقینی

تیرواننتاپورم۔24 فروری (پی ٹی آئی) ٹی آر ایس کی رکن پارلیمنٹ کے کویتا نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں علاقائی جماعتیں عظیم تر رول ادا کریں گی اور اب فیڈرل فرنٹ کے برسراقتدار آنے کا وقت آگیا ہے، کیونکہ بی جے پی اور کانگریس کو پہلے کئی مواقع دیئے گئے تھے ، لیکن انہوں نے اپنے وعدوں کی تکمیل نہیں کی۔ تیرواننتاپورم پریس کلب کے زیراہتمام ’صحافت سے ملاقات‘ پروگرام میں ہفتہ کو صحیفہ نگاروں کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کویتا نے مزید کہا کہ ان کی پارٹی کئی علاقائی جماعتوں سے بات چیت میں مصروف ہے اور چاہتی ہے کہ اب بی جے پی اور کانگریس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی ضرورت ہے۔ ٹی آر ایس کے صدر اور تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دختر کے کویتا نے مزید کہا کہ ’(کانگریس اور بی جے پی) دونوں ہی جماعتوں کو کئی مواقع دیئے گئے اور انہوں نے اپنے وعدوں کی تکمیل نہیں کی۔ اب وہ کس طرح ووٹ مانگ سکتی ہیں‘۔ ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ کانگریس یا بی جے پی سے مفاہمت نہ کرنا ہی علاقائی جماعتوں کا بنیادی ایجنڈہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’علاقائی جماعتیں انتخابات میں عظیم تر رول ادا کریں گی اور یہ رول ادا کرتے ہوئے ہم کانگریس اور بی جے پی کو اقتدار سے باہر رکھنے کو یقینی بنانا چاہیں گے۔ ہم انہیں کافی مواقع دے چکے ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ کوئی دوسرا ذمہ داری سنبھالے‘۔

نظام آباد کی رکن لوک سبھا نے مزید کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں غیربی جے پی اور غیرکانگریس اتحاد کے اقتدار کو یقینی بنائیں۔ اس مقصد کے لئے ہم سخت محنت سے کام کررہے ہیں۔ ہم یہ کام پہلے ہی شروع کرچکے ہیں‘۔ کویتا نے اس نظریہ کا اظہار کیا کہ علاقائی جماعتوں کا مجوزہ اتحاد ’تیسرا محاذ‘ نہیں بلکہ ’وفاقی محاذ‘ کہا جانا چاہئے کیونکہ آپ نہیں جانتے ہم آپ کو حیرت میں ڈال دیں گے اور اولین محاذ کی حیثیت سے اُبھریں گے‘۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات، تعلیم اور صحت جیسے مختلف اہم مسائل پر فیصلہ کرنے کیلئے ریاستوں کو مزید آزادی دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ’ چنانچہ ہم اس کو وفاقی محاذ کہتے ہیں اور ہم خیال جماعتوں کے ساتھ کام کررہے ہیں، کئی جماعتیں ہمارے ساتھ ہیں، ہم خفیہ اور کھلے عام دونوں طریقوں سے مختلف جماعتوں کے ساتھ کام کررہے ہیں اور ایک مرتبہ انتخابات ہوجائیں تو آپ دیکھیں گے کہ وفاقی محاذ کونسی شکل اختیار کرتا ہے‘۔ کویتا نے مزید کہا کہ ’محاذ اس ایجنڈہ پر کام کرے گا کہ ملک کی ترقی کو یقینی بنایا جائے‘۔ ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی طرف سے انتخابی مہم کے دوران کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی جانی چاہئے۔ ’مودی جی… اقتدار پر آئے اور خواتین کو 33% تحفظات دینے سے متعلق بل کی منظوری کا وعدہ کئے تھے لیکن پانچ سال گذر چکے ہیں، بی جے پی کو بھاری اکثریت حاصل ہے اور راجیہ سبھا میں بھی اس کو اطمینان بخش اکثریت ہے لیکن بی جے پی اس بل کو کیوں پیش نہیں کی، کیا اس ملک کی خواتین کو یہ سوال نہیں کرنا چاہئے؟ کیا کسی جماعت کو اس کی طرف سے کئے گئے وعدوں پر جواب دہ نہیں بنایا جانا چاہئے؟ ہم (ٹی آر ایس) اپنے تمام وعدوں کی تکمیل کریں گے‘۔