متھرا -/2 اگست ( سیاست ڈاٹ کام) وشواہندو پریشد کی قائد سادھوی پراچی طلاق ثلاثہ کی شکار مسلم خواتین کو ہندوازم اختیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ ایک اشتعال انگیز تبصرے میں منگل کے دن انہوں نے کہا کہ اگر خواتین اسلام کے تحت شادی کرتی ہیں تو انہیں یقیناً طلاق کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اس کے بعد خوفناک نکاح حلالہ درپیش ہوتا ہے ۔ اس کے بعد انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس لئے مسلم خواتین کو چاہئیے کہ ایسی تہذیب سے جو زندگیاں تباہ کرتی ہیں ترک تعلق کریں اور ہندوازم اختیار کریں ۔ سادھوی پراچی نے جن پر قبل ازیں بھی نفرت انگیز تقریریں کرنے کے سلسلے میں مقدمے درج ہوچکے ہیں کہا کہ ہندوازم کسی جوڑے کو سات جنموں تک ایک بندھن میں باندھ دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندو سماج میں اچھی اقدار موجود ہیں اور اچھے بیٹے ہوتے ہیں ۔ اس لئے ہمارے ساتھ شامل ہوجائیے ۔ آپ کا خیرمقدم کیا جائے گا ۔انہوں نے پوری زندگی جنت کی آرزو میں جدوجہد کرنی والی مسلم خواتین کو یہ پیشکش کی ۔ ان کے متنازعہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کارکن ندا خان سے ملاقات کرنا چاہتی ہیں جو طلاق ثلاثہ اور نکاح حلالہ کے خلاف جدوجہد میں مصروف ہیں ۔