طلاق ثلاثہ : شوہر نے بیوی کوتین طلاق دے کر فرار ، شادی کو صرف ۱۰ ؍ ماہ ہوئے تھے ۔

تین طلاق کو لے کر جاری ہنگامہ آرائی کے دوران بھی ملک میں اس سے وابستہ معاملات رکنےکا نام نہیں لے رہیں ۔ تازہ معاملہ بلیا سکھپورہ تھانہ حلقہ کے بسنت پور گاوں میں پیش آیا ہے ، جہاں کی رہنے والی امیرن اپنے شوہر حیدر شیخ کے ساتھ ممبئی میں رہتی تھی ۔ اتوار کو وہ اپنے شوہر کے ساتھ ممبئی سے گاوں آرہی تھی کہ ٹرین میں ہی اچانک شوہر نے اس کو تین طلاق دیدیا اور فرار ہوگیا ۔

ادھر شوہر کے ذریعہ اچانک بیچ راستے میں طلاق دے کر بھاگ جانے سے حیران و پریشان خاتون نے سکھپورا تھانہ پہنچ کر پولیس کو اپنی آپ بیتی سنائی ۔ مقامی پولیس نے بھی متاثرہ کی شکایت کی بنیاد پر رپورٹ درج کرلیا ہے اور جانچ میں مصروف ہوگئی ہے ۔

خاتون نے بتایا کہ اس کا شوہر اس کو اکثر طلاق دینے کی دھمکی دیتا تھا ، لیکن اس مرتبہ ٹرین میں ہی اس نے کسی وجہ کے بغیر تین طلاق دیدیا اور فرار ہوگیا ۔ بلیا ضلع کے سکھپورہ تھانہ حلقہ کے بسنت پور کے رہنے والے حیدر شیخ نے بانسڈیہہ روڈ تھانہ کے شوریا گاوں کی امیرن سے 28 فروری 2018 کو نکاح کیا تھا ۔ اس کے بعد وہ اپنی اہلیہ کو لے کر ممبئی چلا گیا تھا ۔

دس ماہ بعد ممبئی سے ٹرین سے اپنی اہلیہ کو لے کر آرہا تھا ، لیکن اتوار کو جب ٹرین بلیا اسٹیشن پر پہنچی تو اس نے اہلیہ کو تین طلاق دیدیا اور ٹرین سے اتر گیا ۔ امیرن بھی اس کے پیچھے ٹرین سے اتری ، اسٹیشن سے نکلنے کے بعد حیدر بہیڑی تک آیا ، لیکن اس کے بعد وہ لاپتہ ہوگیا ۔ کچھ دیر تک اس نے وہاں شوہر کی تلاش کی اور پھر سکھپورہ تھانہ پہنچی اور تھانہ انچارج کو اپنی آپ بیتی سنائی ۔