انقرہ : ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے اسرائیل کو دنیا کی بد ترین فسطائی او رنسل پرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ صیہونی لیڈروں میں ہٹلر کی روح حلول کرگئی ہے ۔طیب اردغان نے اسرائیل کے صیہونی ریاست کے نئے قانون کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعہ فلسطینیوں کے خلاف مظالم کو قانونی درجہ حاصل ہوگیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ قانون اس بات کی شہادت ہے کہ اسرائیل دنیا کی بد ترین صیہونی فسطائی اور نسل پرست ریاست ہے ۔اردغان نے ان خیالات کا اظہار اپنی سیاسی پارٹی رہنماؤوں کے ساتھ ایک میٹنگ میں کیا ۔انہوں نے اسی کے ساتھ عالم اسلام ، مسیحیت ، تمام جمہوری او رآزاد ی پسند ممالک ، غیر سرکاری تنظیموں اور میڈیا کو اسرائیل کے خلاف اپنا کردار اداکرنے پر زور دیا ہے ۔اردغان نے کہا کہ اسرائیل کے چند لیڈروں میں ہٹلر کی روح حلول کر گئی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ غازہ کے نہتے مظاہرین کے خلاف اسرائیل بربریت پر ترکی نے اپنے سفیر کو اسرائیل سے واپس بلالیا ہے ۔
صیہونی وزیر اعظم نے انتہائی بے شرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس قانون کو صیہونیت کی تاریخ میں سنگ میل قرار دیا ہے ۔دوسری طرف اقوام متحدہ نے فلسطین کے علاقہ غزہ کی پٹی کی موجودہ حالت کوانتہائی تشویش ناک قرار دیتے ہوئے اسرائیل سے غزہ پر عائد کردہ معاشی محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
اطلاع کے مطابق اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے انسانی حقوق زید بن رعد نے اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی طرف سے عائد کردہ پابندیو ں کے باعث امن و امان کی صورت حال کافی تشویش ناک ہے ۔