صدر رامناتھ کووند کی سرمائی تعطیلات پر حیدرآباد آمد

حکیم پیٹ ایرپورٹ پر گورنر نرسمہن اور چیف منسٹر کے سی آر نے پرتپاک اِستقبال کیا

حیدرآباد۔24 ڈسمبر ( سیاست نیوز) صدر جمہوریہ ہند مسٹر رام ناتھ کووند نے اپنی اہلیہ و دیگر افراد خاندان کے ساتھ جنوبی ہند کی ریاست تلنگانہ میں روایت کے مطابق اپنی سرمائی چھٹیاں منانے کے لئے چار روزہ دورہ پر ایر فورس کے خصوصی طیارہ کے ذریعہ حکیم پیٹ ایر پورٹ حیدرآباد پہنچے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر رام ناتھ کووند نے راشٹراپتی نیلائم میں 27 ڈسمبر تک قیام کریں گے اور 27 ڈسمبر کو وہ ریاست آندھراپردیش کے دورہ پر روانہ ہو جائیں گے ۔ صدر جمہوریہ مسٹر رام ناتھ کووند اپنے افراد خاندان کے ساتھ حکیم پیٹ ایر پورٹ پہونچے پر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن گورنر ریاست تلنگانہ و آندھراپردیش ‘ شریمتی ویملا نرسمہن ‘ چیف مسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھرراؤ صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ قانون ساز کونسل ’ مسٹر سوامی گوڑ‘ اسپیکر تلنگانہ اسٹیٹ قانون ساز اسمبلی مسٹر مدھو سدن چاری ‘ ڈپٹی چیف منسٹرس مسٹر محمد محمود علی ‘ کے سری ہری ‘ میئر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مسٹر بی رام موہن رکن پارلیمان ٹی آر ایس مسٹر جتیندر ریڈی ‘ رکن پارلیمان ٹی آر ایس ڈاکٹر کے کیشوراؤ ‘ وزیر داخلہ این نرسمہاریڈی ‘ وزیر توانائی جگدیش ریڈی ‘ وزیر ٹرانسپورٹ مہیندریڈی ‘وزیر زراعت پی سرینواس ریڈی ‘ وزیر نشہ بندی و اسپورٹس پدماراؤ گوڑ‘ چیف سکریٹری مسٹر ایس پی سنگھ ‘ ڈاکٹر مرلی جنرل آف پولیس ‘ مسٹر مہیندریڈی ‘ کمشنر پولیس مسٹر سرینواس راؤ تینوں مسلح افواج کے سربراہوں کے علاوہ ارکان اسمبلی و دیگر اعلی ٰ عہدیداروں نے گلدستے و شال پوشی کر کے پرتباک استقبال کیا ۔ بعدازاں صدر جمہوریہ ہند حکیم پیٹ ایرپورٹ سے سیدھے راشٹرا پتی نیلائم واقع بولارم کیلئے روانہ ہوئے ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ صدرجمہوریہ ہند مسٹر رام ناتھ کووند کی ریاست تلنگانہ کے دورہ پر حیدرآباد آمد پر گورنر ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن صدر جمہوریہ کے اعزاز میں آج 7 بجے شب راج بھون کے سبزہ زار پر عشائیہ (ڈنر) کا اہتمام کریں گے ۔