نئی دہلی۔یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) راشٹرپتی بھون کے عہدیداروں کا تاثر ہے کہ وقت کا موثر استعمال اور تیزتر فیصلہ سازی صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کی توجہ کا مرکز رہے ہیں، جنہوں نے آج جلیل القدر عہدے پر 100 یوم مکمل کیے۔ کووند جنہوں نے 14 ویں صدر جمہوریہ کی حیثیت سے 25 جولائی کو جائزہ حاصل کیا، انہوں نے مختلف ریاستوں تک رسائی پانے کی سعی بھی کی ہے جو اس ملک کے وفاقی ڈھانچے کا کلیدی حصہ ہے۔ صدر نے چند ریاستوں کے دورے کیے ہیں اور ان کا نشانہ ہے کہ سال کے اختتام تک وہ تمام ریاستوں کا احاطہ کرلیں۔ عہدیداروں نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ جن ریاستوں کا صدر کووند نے دورہ کیا ان میں غیر این ڈی اے پارٹیوں کی حکمرانی والی ریاستیں جیسے کرناٹک اور کیرالا شامل ہیں۔ اس نکتے سے یہ بات اجاگر ہوتی ہے کہ صدر جمہوریہ غیر جانبداری کا عملی مظاہرہ پیش کررہے ہیں۔ درحقیقت وہ کیرالا کو دو مرتبہ جاچکے ہیں۔ بعض ریاستوں میں صدر موصوف نے دیہی اور داخلی علاقوں کا سفر بھی کیا۔ لیکن تمام اسفار میں انہوں نے زیادہ تر رات کا قیام کیا اور اندرون 24 گھنٹے واپس ہوگئے، جو وقت کے بہتر استعمال کی بیّن مثال ہے۔ صدر کی حیثیت سے کووند اپنے پہلے بیرونی دورے پر 3 تا 6 اکٹوبر جبوتی اور اتھیوپیا گئے تھے۔