وشاکھاپٹنم 7 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے آندھرا یونیورسٹی میں سنٹر فار ڈیفنس اسٹڈیز کا افتتاح انجام دیا ۔ یہ مرکز ملک بھر میں کسی بھی یونیورسٹی میں اپنی نوعیت کا اولین مرکز ہوگا جو خاص طور پر دفاعی شعبہ کی تعلیم اور ریسرچ ضروریات کی تکمیل کریگا ۔ وزارت دفاع کی جانب سے اس مرکز کے قیام کیلئے 60 کروڑ روپئے کی گرانٹ منظور کی گئی ہے ۔ آندھرا یونیورسٹی کے وائس چانسلر جی ناگیشور راؤ نے یہ بات بتائی ۔ آندھرا یونیورسٹی کی جانب سے بری افواج ‘ ائر فورس اور بحریہ کیلئے کئی کورسیس چلائے جا رہے ہیں اور اس مرکز کے ذریعہ تمام کورسیس کو ایک ہی چھت تلے کردیا جائیگا ۔ صدر جمہوریہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ مرکز برائے دفاعی مطالعات کے ذریعہ سائبر سکیوریٹی ‘ نانو ٹکنالوجی ‘ راڈار اور مواصلات کے علاوہ دوسری ٹکنالوجیز پر توجہ دی جائیگی جو اہمیت کے حامل ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ اس یونیورسٹی کے پروفیسرس اور ریسرچرس مخصوص پراجیکٹس پر ڈی آر ڈی کے علاوہ بحری ریسرچ بورڈ اور دوسرے اداروں کے ساتھ اشتراک میں کام بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آندھرا یونیورسٹی کے پروفیسرس کو میزائیل پراجیکٹس بشمول برہموس میزائیل کی تیاری کیلئے آر اینڈ ڈی کنسلٹنٹس کی حیثیت سے بھی مدعو کیا گیا تھا ۔ یہ یقینی طور پر ایک بہترین کام ہے ۔ اپنے دورہ کے موقع پر صدر جمہوریہ نے آئی این ایس کلواری پر ایک یادگاری اسٹامپ بھی جاری کیا ۔ اس موقع پر بحریہ کے سربراہ سنیل لامبا اور فلیگ آفیسر کمانڈنگ ان چیف ایسٹرن کمان وائس ایڈمیرل کرمبیر سنگھ بھی موجود تھے ۔