شہر کے باہر کئے جائیں گے مسلخ۔ یوگی حکومت لائی گی ارڈنینس‘ کابینہ نے دی منظوری

لکھنو۔اترپردیش کے شہری علاقوں میں اب کوئی بھی مسلخ قائم نہیں ہوسکے گا او رانہیں شہر کی سرحد سے باہر کیاجائے گا۔اس کے ساتھ ہی شہر کے اندر قائم پرانے مسلخ کے ساتھ ہی گوشت کی دوکانوں پر جانوروں کو کھلے عام کاٹا نہیں جاسکے گا۔

یوگی حکومت اس سلسلہ میں جلد جلد ہی دوترمیمی آرڈنینس لانے کی تیاری کررہی ہے جس کے لئے وزیراعلی کی صدرات میں چہارشنبہ کے روز لوک بھون میں ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں منظوری دے دی گئی ۔

ریاستی حکومت کے ترجمان اور وزیرصحت سدھارتھ ناتھ سنگھ نے کابینہ میں پاس کی گئی تجاویز کے سلسلہ میں اخبار نویسوں کو بتایا کہ آج جو10تجاویز کابینہ میں منظور ہوئی ہیں ان میں اترپردیش نگر نگم ایکٹ 1959میں جزوی ترمیم او ر اترپردیش میونسپل بورڈ ایکٹ 1916میں جزوی ترمیم کی تجویز شامل ہے۔

انہوں نے کہاکہ ابھی تک نگر نگم اور نگر پالیکا مسلخ قائم کرنے او رانہیں چلانے اور ان پر کنٹرول رکھتی تھی لیکن اب وہ نئے ارڈنینس جاری ہونے کے بعد سے فوری اثر سے مسلخ کو شہری حد ( نگر نگم یا نگر پالیکا پریشد)میں نہیں کھولا جاسکے گا۔

اس کے ساتھ نگر نگم یانگر پالیکا پریشد نئے آرڈنینس کے بعد کہیں پربھی مسلخ قائم کرنے یاچلانے کاکام نہیں کریں گے وہ صرف مانٹیرینگ کریں گے۔ مسٹر سنگھ نے بتایا کہ ابھی مجالس قانون ساز کا سیشن چل رہا ہے اس لئے اس سلسلہ میں ارڈنینس لایا جائے گا جسے کابینہ کی منظوری مل گئی ہے۔

انہو ں نے بتایا کہ مرکزی حکومت اور نیشنل گرین ٹریبونل ( این جی ٹی) کے ذریعہ پہلے بھی حکومتوں کو ہدایت ملتی رہی ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ اب کھلے میں جانورذبح نہیں کئے جاسکیں گے۔ اسے اب سختی سے روکا جائے گا اور سڑک پر جانوروں کو کسی بھی صورت میں ذبح نہیں کرنے دیاجائے گا۔